کراچی:
احسن خان نے ایک چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈرامہ سیریل ’’الف‘‘ میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ اداکار ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں اسکرپٹ کی پیشکش کرنے کے پیچھے کوئی وجہ ہوتی ہے اور میں اُن خوش نصیب افراد میں سے ہوں جنہیں ڈرامہ آفر ہوتا ہے تو اُس کے پیچھے کوئی نہ کوئی خاص وجہ ہوتی ہے کیوں کہ میں اتنا کام نہیں کر رہا کہ مجھے ہر کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ مجھے ڈرامہ ’الف‘ کے ہدایت کار حسیب حسن کی جانب سے اس ڈرامے کی آفر کی گئی جسے ثناء شاہنواز اور ثمینہ ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں نجی چینل سے پیش کیا جارہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ یہ ڈرامہ عمیرہ احمد نے لکھا ہے جوکہ کم لکھتی ہیں، چند رائٹرز ایسے ہیں جوکہ اچھا لکھتے ہیں اور عمیرہ احمد اُن میں سے ایک ہیں جن کے اسکرپٹ پر ہم خود کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ روحانیت، صوفی اور محبت کی داستان پر مبنی ڈرامہ سیریل ’’الف‘‘ میں حمزہ علی عباسی، احسن خان، سجل علی اور کبری خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔