کراچی:
احسان مانی کیچ رمیز راجہ بولڈ عمران خان کا فیصلہ ’’ریویو‘‘پر تبدیل ہونے کا امکان بڑھ گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کے عہدے کی3سالہ مدت بدھ کو مکمل ہو رہی ہے، گوکہ جون میں ہی انھیں دوبارہ نامزد کیے جانے کی خبریں سامنے آ گئی تھیں مگر اعلان میں تاخیر سے چہ مگوئیاں ہونے لگیں،گذشتہ دنوں چیئرمین کی دوڑ میں اچانک سابق کپتان رمیزراجہ کی انٹری بھی ہوگئی۔
یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ احسان مانی کے کام سے وزیر اعظم و پیٹرن پی سی بی خوش نہیں ہیں، پیر کو مانی اور رمیزکی عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل تک رمیز راجہ 70 فیصد تک چیئرمین بننے کے امیدوار تھے لیکن احسان مانی نے وزیر اعظم سے کہاکہ جلد ہی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں طویل عرصے بعد پاکستان آنے والی ہیں، ورلڈکپ سمیت آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی پانے کیلیے بھی کوششیں جاری ہیں، ڈومیسٹک نظام میں تبدیلیاں تو کر دیں مگر مکمل عمل درآمد میں تھوڑا اور وقت لگے گا۔
پی ایس ایل اور میڈیا و اسپانسر شپ رائٹس کے معاملات بھی حل طلب ہیں، ایسے میں ان کی بورڈ کو ابھی ضرورت ہوگی،اسی کے ساتھ احسان مانی کے بعض ’’چاہنے والوں‘‘ نے بھی ان کے حق میں آواز اٹھائی جس کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید انھیں فوری طور پر گھر نہیں بھیجا جائے گا۔
میڈیا میں چند روز سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد اگر مانی کو توسیع نہ ملی تو یہ ان کیلیے بھی شرمندگی کا باعث ہوگا کہ اچھا کام نہ کرنے پر ہٹایا گیا، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ چاہے کچھ عرصے کیلیے ہی سہی بورڈ میں مزید کام کریں۔
گورننگ بورڈ میں پیٹرن کی جانب سے احسان مانی کے ساتھ رمیز راجہ کی نامزدگی بھی متوقع ہے، الیکشن کمشنر رسمی کارروائی کے بعد چیئرمین کا اعلان کر دیں گے،ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد مانی عہدہ چھوڑ کر رمیز کو موقع دے سکتے ہیں۔
روایتی طور پر پی سی بی انتظامیہ میں حکومت کی تبدیلی پر ہی ردوبدل ہوتا ہے،وزیر اعظم کے قریبی کئی سابق کرکٹرز نے انھیں مشورہ دیا تھا کہ بورڈ کی سربراہی کسی کرکٹر کو ہی سونپیں۔
دوسری جانب گذشتہ روز احسان مانی نے بورڈ میں اپنے ساتھیوں کو بتا دیا کہ وہ ’’کہیں نہیں جا رہے‘‘ اس سے مستقبل تاریک ہونے کے خدشے تلے دبے بعض ملازمین کی جان میں جان آ گئی، چیئرمین کی تین سالہ مدت گذشتہ روز ختم ہو گئی،توسیع کا اعلان جلد متوقع ہے۔
احسان مانی کی وزیر اعظم سے گذشتہ روز ایک اور ملاقات بھی ہوئی جس میں اپنے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔