پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احد رضا میر نے خوبرو اداکارہ سجل علی کے ساتھ ترکی میں شادی کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
ڈرامہ سیریل ’یقین کے سفر‘ سے مقبول ہونے والی جوڑی سجل اور احد کی شادی سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ دونوں آئندہ برس یعنی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ان خبروں مطابق دونوں ممکنہ طور پر ترکی میں شادی کریں گے جس میں قریبی رشتے دار اور چند دوست شامل ہوں گے۔
لیکن اداکار نے حال ہی میں ایک ویب شو ’سَمتھنگ ہاٹ‘ میں دیے جانے والے انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ “میری طرف سے کوئی بھی ایسا بیان نہیں آیا ہے جس میں، میں نے یہ کہا ہو کہ میں اور سجل علی تُرکی میں شادی کریں گے۔”
اُنہوں نے کہا کہ “لوگ سوشل میڈیا پر ہماری شادی کے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔”
اُنہوں نے کہا کہ “شادی ضرور ہوگی لیکن ترکی میں ہوگی، یہ جھوٹ ہے۔”
احد نے بتایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ وہ اور سجل اگلے سال ترکی میں شادی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سجل اور احد نے رواں برس 6 جون کو سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنی منگنی کی خوشخبری دی تھی۔