پاکستانی معروف ٹی وی و اسٹیج اداکار احد رضا میر نے اپنی آنے والی نئی برطانوی ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر 2‘ میں جنگ سے متعلق عکس بند کروائے گئے مناظر پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکار احد رضا میر نے حال ہی میں امریکی جریدے ’ورائٹی‘ کو انٹرویو دیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنی آنے والی نئی سیریز پر کھُل کر بات کی ہے۔
احد رضا میر کا اپنی ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر 2‘ پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بہت ساری چیزیں سیکھیں اور اُنہیں اس دوران تاریخ بھی سمجھ میں آئی، اِنہیں یہ علم نہیں تھا کہ جنگ عظیم دوئم کے دوران انگریزوں کی لڑائی لڑنے والے جنوبی ایشیائی فوجیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا تھا؟
اداکار کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویب سیریز کی شوٹنگ کے دوران اس قدر ہتھیاروں اور جنگوں کے مناظر شوٹ کیے گئے ہیں کہ وہ شدید خوفزدہ ہو گئے تھے۔
احد رضا میر کا کہنا تھا کہ اس ویب سیریز کی شوٹنگ کے دوران وہ انتہائی خوفزدہ رہے، جنگی ماحول اور ہتھیاروں سے لیس مناظر عکس بند کرواتے ہوئے اُن سے اداکاری نہیں ہو پاتی تھی کیوں کہ وہ یہ سب پہلی بار کر رہے تھے۔
احد رضا میر نے بتایا کہ ویب سیریز کی شوٹنگ آئرلینڈ میں کی جا رہی ہے اور فلم میں شمالی افریقہ کے علاقوں کو دکھایا جائے گا۔
احد رضا میر نے ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اِنہیں لگتا ہے کہ مذکورہ سیریز کا تیسرا سیزن بھی بنایا جانا چاہیے اور تیسرے سیزن میں زیادہ تر برٹش انڈین فوجیوں کو دکھایا جانا چاہیے۔
احد رضا میر کا مزید کہنا تھا کہ ہولی وڈ فلموں ’ڈنکرک‘ اور ’1917‘ میں برٹش انڈین فوج کے متحدہ ہندوستان کے فوجی افسران کو نظر انداز کیا گیا ہے، اس لیے ’ورلڈ آن فائر‘ کا تیسرا سیزن بھی بننا چاہیے جس میں جنوبی ایشیائی کرداروں کو زیادہ دکھایا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ نئی آنے والی برطانوی ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر 2‘ میں احد رضا میر برٹش انڈین آرمی کے فوجی افسر، لیفٹننٹ کرنل رجب پال کردار ادا کر رہے ہیں۔
ویب سیریز ’ورلڈ آن فائر 2‘ کو آئندہ ماہ ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
یہ سیریز ’بی بی سی ون‘ کی 2019ء کی سیریز کا دوسرا سیزن ہے۔