اداکار جوڑی احد رضا میر اور سجل علی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
ڈرامہ سیریل ’یقین کےسفر‘ سے مقبول ہونے والی احد اور سجل کی جوڑی اب حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھی بننے والے ہیں۔
گزشتہ شب دونوں کی رسم حنا ادا کی گئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور ’ساحد‘ کے فینز خوشی میں پھولانا سمائے ہیں۔
احد اور سجل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر رسم حنا کی تقریب کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی مگر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سجل اپنے اُبٹن میں نارنجی رنگ کے گرارے میں ملبوس ہیں جب کہ احد رضا سفید کرتے میں ملبوس ہیں۔
ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ احد رضا میر کی والدہ سجل کی رسم کرتے ہوئے انہیں اُبٹن لگا رہی ہیں اور اس دوران سجل کی آنکھیں مرحوم والدہ کو یاد کے نم ہیں۔
سجل کی بہن اور اداکارہ صبور علی کی بھی ایک تصویر احد رضا میر کی والدہ کے ساتھ وائرل ہے۔
واضح رہے کہ 6 جون 2019 کو اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر نے اداکارہ سجل علی کے ساتھ منگنی کی تھی۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لال رنگ کے دوپٹے اور گلاب کے پھولوں کی تصویر لگائی تھی جس سے یہ ظاہر ہوگیا کہ اداکار جوڑی جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہے۔
بعد ازاں احد رضا میر کی والدہ کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلاب اور گیندے کے پھولوں کے درمیان ایک کیک رکھا ہوا ہے جس پر لکھا ہے ’احد اور سجل کی ڈھولکی‘۔
’احد اور سجل کی ڈھولکی‘ کے کیک کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
علاوہ ازیں سجل اور احد رضا نے اپنی شادی پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی مائیک نیتھاوریاناکس کو بھی مدعو کیا ہے۔
جب کہ شادی کی باقاعدہ تاریخ کے حوالے سے سجل اور احد سمیت دونوں اہل خانہ کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔