واشنگٹن:
اس نظام کو اسکائل کا نام دیا گیا ہے اور سب سے پہلے یہ سہولت ایپل آئی پیڈ پرو میں شامل کی گئی ہے۔ اس طرح ٹیبلٹ کو ہاتھ لگائے بغیر مکمل طور پر آنکھوں کے اشارے سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال یہ آئی پیڈ پرو کے 12.9 انچ ورژن ٹیبلٹ کے ساتھ ہی کارآمد ہے۔
آئی پیڈ پرو میں یہ خواص شامل کرنے کے لیےاسے ایک خاص طرح کی کیسنگ میں رکھا گیا ہے ۔ اس میں حساس اسکینر نصب ہے جو دونوں آنکھوں کی پتلیوں کی حرکت کو نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اس میں دو طرح کے آپشن ہیں، ایک تو یہ دوربینی انداز میں ٹریکنگ کرتا ہے تو دوسری جانب یہ آنکھ میں سیاہ حلقے یعنی پتلی کی دائیں بائیں اور اوپر نیچے کی حرکت کو بھی نوٹ کرتا رہتا ہے۔
اس طرح کے رابطے کو آگمینٹو اینڈ آلٹرنیٹو کمیونی کیشن ( اے اے سی ) کا نام دیا گیا ہے جو کئی طرح کے سسٹم اور پروٹوکول کے ساتھ کام کرسکتا ہے۔ یوں آئی پیڈ کے سارے فیچر آنکھ سے انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ اسکائل کے ذریعے فالج کے شکار، سیربرل پیلسی اور دیگر امراض کے شکار افراد بھی ٹیب کو چلاسکتے ہیں۔
جب ٹیبلٹ کی بات ہو تو آئی پیڈ بہت سے امور انجام دے سکتے ہیں۔ ایک جانب تو آپ دوستوں اور اہلِ خانہ سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔ دوسری جانب اسمارٹ گھروں کا پورا نظام ان سے قابو کیا جاسکتا ہے۔ اسی لیے اسکائل کے ذریعے معذور افراد بہت حد تک اپنے مختلف کام انجام دے سکیں گے۔
اسکائل کیسنگ کے لیے الگ سے پاور سپلائی کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ آئی پیڈ سے ہی بجلی لے کر کام کرتا ہے۔ اس کےساتھ پوائنٹنگ ڈیواس یعنی ماؤس اور ڈجیٹل پین بھی لگائے جاسکتے ہیں تاہم اسکائل کسینگ کی قیمت تین ہزار ڈالر یعنی ساڑھے چار لاکھ روپے کے برابر ہے۔