ہواوے سے الگ ہونے کے بعد آنر کا پہلا اسمارٹ فون وی 40 فائیو جی 18 جنوری کو متعارف کرایا جانا تھا مگر اب یہ 22 جنوری کو پیش کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق وینیو کا مقام اور دیگر مسائل کی وجہ سے فون کو پیش کرنے مین تاخیر ہوئی ہے۔
مگر کچھ افواہوں کے مطابق آنر کی جانب سے ایونٹ کو ملتوی کرنے کی وجہ گوگل پلے سروسز کو فون کا حصہ بنانا ہے۔
مئی 2019 کو امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے اور آنر کے نئے فونز گوگل سروسز سے محروم ہوگئے تھے، جس سے مختلف مارکیٹوں میں ڈیوائسز کی فروخت متاثر ہوئی تھی۔
مگر ہواوے نے آنر کو فروخت کردیا اور اب اس پر امریکی پابندیاں باقی نہیں رہیں۔
ہواوے سے علیحدگی کے بعد آنر اپنے نئے 5 جی فون کے لیے گوگل پلے سروسز کا لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، کم از کم رپورٹ میں تو یہی دعویٰ سامنے آیا ہے۔
اگرچہ اس فون کو ابھی پیش کیا جانا ہے مگر کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ یہ چین میں 22 جنوری سے صارفین کو دستیاب ہوگا۔
مختلف رپورٹس کے مطابق فون میں 6.72 انچ کی او ایل ای ڈی اسکرین 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دی جائے گی۔
فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 1000 پلس پراسیسر موجود ہوگا۔
فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہوگا جس میں مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ 66 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ 55 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ موجود ہوگی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ آنر کے نئے فون میں اس کے میجک یوزر انٹرفیس کا امتزاج اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم سے ہوگا یا نہیں، کیونکہ یہ ہواوے کے ای ایم یو آئی پر مبنی ہے۔