چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے مشرقی پاکستان کے محصورین کی واپسی کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ محصورین پاکستان کی معیشت پر بوجھ نہیں بنیں گے، محصورین مشرقی پاکستان کو فوری طور پر پاسپورٹ جاری کیے جائیں، بنگلادیش سے محصورین کو واپس لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان اور اداروں نے دہشت گردوں سے بار بار مذاکرات کیے مذاکرات سے دہشت گردوں کو سپورٹ ملتی ہے، ان کو سنبھلنے کا موقع مل جاتا ہے دہشت گردوں کا کوئی مذہب کوئی ٹھکانا نہیں ہوتا ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے آرمی چیف کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
آفاق احمد کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک سوچ ہے مذاکرات سے ختم نہیں کی جاسکتی، عنقریب پاکستان کو توڑنے والوں کو سزائیں ہوں گی تاریخ کوجتنا بھی پوشیدہ رکھاجائے ایک نہ ایک دن سامنے آجاتی ہے، پاک افواج نےملک کو بچانےکیلئے کئی قربانیاں دیں ہیں، بہاری اور بنگالیوں نے بھی پاکستان کو بچانے کے لئے قربانیاں دی۔
انہوں نے 16 دسمبر کو ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن قرار دے دیا، آفاق احمد نے کہا کہ 16 دسمبر کو بچوں کو شہید کیا گیا۔