آسٹریلیا میں مسلمان خواتین مذہبی تعصب کا نشانہ بن گئیں


آسٹریلیا میں نقاب پہنے دو خواتین کو مسلمان ہونے کی بناء پر مذہبی تعصب کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میلبرن کی ایک ٹرین میں ایک خاتون نے پہلے دین اسلام کی توہین کی اور پھر ٹرین میں موجود نقاب پہنے ایک خاتون پر حملہ کر دیا۔

ٹرین میں ہی موجود ایک اور مسلمان خاتون نے جب متاثرہ خاتون کی مدد کرنا چاہی تو حملہ آور خاتون نے اس کا نقاب بھی اتار دیا۔

فہیمہ عدن نامی مسلمان خاتون نے بتایا کہ اس نے دیکھا کہ ٹرین میں ایک پاگل خاتون اسلام کے خلاف باتیں کر رہی ہے اور ایک مسلمان خاتون کا اسکارف اتارنے کی کوشش کر رہی ہے۔

فہیمہ عدن نے مزید بتایا کہ جب اس نے دوسری مسلمان خاتون کو بچانے کی کوشش کی تو اسلام مخالف خاتون نے مجھ پر بھی حملہ کر دیا جس سے مجھے خراشیں بھی آئیں۔

فہیمہ عدن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹرین میں پیش آنے والے حادثے نے میری آنکھیں کھول دی ہیں۔

مسلمان خاتون نے مزید لکھا کہ ٹرین میں موجود کسی بھی شخص نے حملہ کرنے والی عورت کو روکنے کی کوشش نہیں کی اور جب سب نے دیکھا کہ میں اپنا دفاع کر رہی ہوں تو ایک شخص نے اس عورت کو روکا۔

فہیمہ عدن نے کہا کہ مجھے اس واقعے پر بہت دکھ ہوا کیونکہ میں بھی ایک آسٹریلین شہری ہوں اور دوسرے شہریوں کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہوں۔

متاثرہ مسلمان خاتون نے بتایا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس کا انتظار کرتی رہیں لیکن پولیس نہیں آئی۔

بعد ازاں پولیس نے مسلمان خواتین پر حملے کے الزام میں کلیٹون کی ایک 39 سالہ خاتون کو حراست میں لیا جسے بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں