آرچر کی جان 15 ہزار پاؤنڈ میں ہی چھوٹ گئی


مانچسٹر: 

 بائیوسیکیورٹی پروٹوکول توڑنے والے انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی جان 15 ہزار پاؤنڈ میں ہی چھوٹ گئی، ڈسپلنری کمیٹی نے جرمانے اور تحریری وارننگ کے ساتھ پیسر کو ویسٹ انڈیز سے تیسرے ٹیسٹ کیلیے کلیئر قرار دے دیا، آئسولیشن میں موجود کرکٹر کا ایک کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آچکا، پیر کو دوسرا نتیجہ بھی ایسا رہا تو منگل کو ٹیم جوائن کرلیں گے۔تفصیلات کے مطابق انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر ویسٹ انڈیز سے پہلے ٹیسٹ کے بعد ساؤتھمپٹن سے مانچسٹر آتے ہوئے راستے میں اپنے گھر چلے گئے تھے، جس پر انھیں بائیوسیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کی وجہ سے نہ صرف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا بلکہ 5 روز کیلیے لازمی آئسولیشن بھی اختیار کرنا پڑی۔ انگلش ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے آرچر کی حرکت پر کہا تھا کہ یہ کسی بڑے بحران کا پیش خیمہ اور ملکی کرکٹ کو کروڑوں پاؤنڈ میں پڑسکتی تھی، گذشتہ روز جائلز کی ہی زیرسربراہی ڈسپلنری سماعت ہوئی جس میں فاسٹ بولر کے ایجنٹ ٹام ہارووڈ اور پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ آن لائن شریک ہوئے۔

اس میں آرچر کی حرکت کو جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی کے بجائے صرف بیوقوفی سے تعبیر کیا گیا،البتہ ان پر 15 ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا جودوسرے ٹیسٹ کی میچ فیس کے برابر ہے ، تحریری طور پر انھیں آئندہ محتاط رہنے کی وارننگ بھی دی گئی تاہم ویسٹ انڈیز سے تیسرے ٹیسٹ کیلیے کلیئر قرار دے دیا گیا۔

آرچر کا آئسولیشن کے دوران ایک لازمی کورونا وائرس ٹیسٹ ہوچکا جو منفی آیا جبکہ برائٹن میں انھوں نے جس شخص سے ملاقات کی تھی اس کا نتیجہ بھی منفی رہا، اگرچہ بورڈ نے شناخت ظاہر نہیں کی تاہم رپورٹ کے مطابق آرچر نے اپنے سسیکس ٹیم میٹ کرس جورڈن سے ملاقات کی تھی۔ اب بولر کا دوسرا ٹیسٹ پیر کو ہوگا، وہ بھی منفی رہا تو منگل کو ٹیم جوائن کرلیں گے۔ واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد شام میں دیگر کھلاڑیوں کا آرچر سے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ رہتا ہے جبکہ وہ ان کے ساتھ کمپیوٹر گیمز بھی کھیلتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں