آخر کچھ لوگ سبزیوں سے دور کیوں بھاگتے ہیں؟


اگر آپ کو سبز سبزیاں کھانا پسند نہیں تو اس کی وجہ کوئی اور نہیں آپ کے جینز ہیں جو پالک، ساگ یا دیگر سے دور بھاگنے پر مجبور کرتے ہیں۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس کے دوران پیش کی جانے والی تحقیق میں بتایا کہ مخصوص جینز ‘سپر ٹیسٹر’ کچھ افراد کو سبز پتوں والی سبزیوں کے ذرا تلخ ذائقے کے حوالے سے زیادہ حساس بنادیتے ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان مخصوص جینز والے افراد میں ان سبزیوں کے لیے رغبت نہیں ہوتی، حالانکہ انہیں اس کے طبی فوائد کا علم ہی کیوں نہ ہو۔

امریکا کی کینٹکی یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی اس تحقیق میں ‘سپر ٹیسٹر’ جینز کے مالک 175 افراد کی خدمات حاصل کرکے دیکھا گیا کہ وہ مخصوص غذاﺅں کو کھانے کے بعد کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور پھر اس کا موازنہ ان افراد سے کیا گیا جن میں یہ جینز نہیں تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سپر ٹیسٹر جینز کے مالک افراد سبزیوں کو اپنی ترجیحات میں بہت نیچے رکھتے ہیں۔

سابقہ تحقیقی رپورٹس میں سپر ٹیسٹر جین کی متعدد اقسام کو شناخت کیا گیا تھا جو لوگوں کو ذائقوں کے حوالے سے زیادہ یا کم حساس بناتے ہیں۔

اس نئی تحقیق میں ایک قدم آگے بڑھ کر لوگوں میں کھانے کے انتخاب اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

محقین کا کہنا تھا کہ صحت کے لیے بیشتر بہترین سبزیاں بدقسمتی سے تلخ ذائقے کے حوالے سے حساس افراد کے لیے بدترین ذائقے ثابت ہوتی ہیں، حالانکہ یہ غذائیں فائبر، وٹامن اے، سی اور دیگر اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں جو صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

مگر سپر ٹیسٹرز جینز رکھنے ولے افراد ان سبزیوں سے مکمل طور پر گریز کرتے ہیں اور نمک یا چینی سے بھی ان کو بہتر بنانے کی کوشش نہیں کرتے۔

محققین نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس جینیاتی معلومات کو استعمال کرکے ہم یہ جان سکیں گے ایسے افراد کن سبزیوں کو زیادہ بہتر طریقے سے قبول کرسکتے ہیں اور کون سے مصالحے ایسے ہیں جو انہیں زیادہ سبزیاں کھانے میں مدد دے سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں