انڈین پریمیئر لیگ ایک بار پھر میچ فکسنگ کے الزامات کی زد میں آ گئی ہے اور اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس سے دنیا بھر کے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دو روز قبل کلکتہ نائٹ رائڈرز اور دلی ڈیئر ڈیولز کے میچ کے دوران چوتھے اوور میں سندیپ لمی چانے کی گیند سے پہلے ہی وکٹ کیپر ریشپ پنت نے آواز لگائی کہ اس گیند پر تو چوکا ہی لگے گا جسے اسٹمپڈ مائیک نے محفوظ کر لیا۔
اور پھر لمی چانے کی اگلی ہی گیند پر روبن اتھاپا نے چوکا لگا دیا۔
اس معاملے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی پی ایل کے بانی سربراہ اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر للت مودی بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی پر برس پڑے۔
للت مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں آئی پی ایل میچز کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ میں اعلیٰ پیمانے پر میچ فکسنگ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو اس شرمناک عمل کا کوئی احساس ہی نہیں، آئی پی ایل میں گندے دھندے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کب جاگے گا؟
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔