آئی فون 13 متعارف کرانے کی تاریخ لیک

آئی فون 13 متعارف کرانے کی تاریخ لیک


ایپل کی جانب سے آئی فون 13 سیریز کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان تو نہیں ہوا مگر ایک لیک میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے۔

ایپل انسائیڈر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی تفصیلات لیک کرنے کے حوالے سے معروف جون پروسر کے مطابق آئی فون 13 کو 14 ستمبر کو متعارف کرایا جائے گا جبکہ 24 ستمبر سے وہ صارفین کو دستیاب ہوگا۔

لیک کے مطابق ایپل کی جانب سے 7 ستمبر کو 14 ستمبر کے ایونٹ کا اعلان کیا جائے گا اور 17 ستمبر سے نئے آئی فونز پری آرڈر اور 24 ستمبر سے مارکیٹ می دستیاب ہوں گے۔

لیک میں مزید بتایا گیا کہ اس سال آئی فون 13 سیریز کے تمام ماڈلز بیک وقت فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

اس سے قبل 2020 آئی فون 12 منی اور آئی فون 12 پرو میکس کو دیگر 2 ماڈلز کے مقابلے میں ایک ماہ بعد فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

سابقہ لیکس کے مطابق 2021 میں بھی 4 نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1 انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون 1 پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرو میکس شامل ہوں گے۔

نئے آئی فونز میں ایپل کا نیا اے 15 پراسیسر موجود ہوگا جس کی کارکردگی اے 14 کے مقابلے میں کم از کم 20 فیصد جبکہ افادیت 30 فیصد زیادہ ہوگی۔

2020 کے آئی فونز کے مقابلے میں اس سال کی ڈیوائسز یعنی آئی فون منی میں 2406 ایم اے ایچ، آئی فون 13 اور 13 پرو میں 3095 جبکہ آئی فون 13 پرو میکس میں 4352 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔

خیال رہے کہ آئی فون 12 منی میں 2227 ایم اے ایچ، آئی فون 12 اور 12 پرو میں 2815 ایم اے ایچ جبکہ 12 پرو میکس میں 3687 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی۔

اس سیریز کے فونز کی قیمتوں کے بارے میں حتمی طور پر ایپل کے اعلان تک کچھ کہنا مشکل ہے، مگر مختلف رپورٹس سے کسی حد تک اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

لیکس کے مطابق آئی فون 13 کی قیمت آئی فون 12 کے برابر ہونے کا امکان زیادہ ہے۔

یعنی آئی فون 13 کا بیسک ماڈل 799 ڈالرز (ایک لاکھ 31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوسکتا ہے۔

آئی فون 12 اس سال دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون قرار دیا جارہا ہے اور ایپل نے اس کی بدولت ریکارڈ منافع حاصل کیا ہے۔

اس وجہ سے بھی زیادہ امکان یہی ہے کہ آئی فون 13 سیریز کے ماڈلز کی قیمت گزشتہ سال کے فونز جتنی ہی ہوگی بلکہ کچھ کم بھی ہوسکتی ہے۔

ایسا سام سنگ نے گلیکسی ایس 21 کے ساتھ کیا جس کی قیمت گلیکسی ایس 20 سے 200 ڈالرز کم رکھی گئی تھی اور یہ سیریز کافی مقبول بھی ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں