انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل کے فروغ اور شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے۔
رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی لیکن 2023 سے 2031 کے کیلنڈر میں منعقد ہونے والے ایونٹس میں آئی سی سی نے ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
اگلے آٹھ سالہ شیڈول میں پہلا ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں شیڈول ہے اور اس میں ممکنہ طور پر 20 ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی۔
رپورٹس کے مطابق اگر ایونٹ میں 20 ٹیموں کو حصہ بنایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں چار گروپ بنائے جائیں گے اور ہر گروپ 5 ٹیموں پر مشتمل ہو گا جس کی بہترین ٹیمیں ناک آؤٹ میں جگہ بنائیں گی۔
یاد رہے کہ اس مرتبہ بہترین ٹیموں نے ایونٹ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا تھا اور بقیہ ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ورلڈ کپ میں جگہ بنانی پڑی تھیں اور ممکنہ طور پر 20 ٹیموں کا ایونٹ منعقد ہونے کی صورت میں بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔
آئی سی سی کا ماننا ہے کہ ٹی20 فارمیٹ دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اور جس طرح دنیا بھر کے دیگر کھیلوں میں ٹیموں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے، بالکل اسی طرح کرکٹ کے کھیل کو بھی عالمی سطح پر مقبول بنانے کے لیے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شرکت کرتی رہی ہیں لیکن کھیل کے فروغ کے لیے 2026 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 48 کردی گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کے فروغ کے سلسلے میں امریکی مارکیٹ کی دلچسپی کے حصول کی کافی کوششیں کی ہیں اور کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے سے امریکا کے بھی ورلڈ کپ کھیلنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔