پاکستانی معروف سینئر اداکار نعمان اعجاز نے سوشل میڈیا پر اہم پیغام شیئر کیا ہے۔
لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ناصرف مداحوں سے عہد لیا ہے بلکہ خود بھی اپنے مشورے پر عمل کرنے کی بات کی ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’آئیے احمقوں کو مشہور کرنا بند کرتے ہیں جو اختلاف کرنا بھی نہیں جانتے، وہ لوگ یہ بھی نہیں سمجھتے کہ ایک دوسرے کی رائے سے اختلاف رکھنے کا مطلب بے عزتی نہیں ہوتا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اِن کے پاس اخلاقیات نہیں ہے لیکن وہ پھر بھی سوچتے ہیں کہ وہ اونچی آواز میں کسی بھی چیز کا جواز پیش کر سکتے ہیں۔‘
نعمان اعجاز نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ایسے افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اللّٰہ ان کو ہدایت دے، آمین۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سینئر اداکار نعمان اعجاز کو معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے ’گھٹیا‘ انسان قرار دیتے ہوئے اداکار سے سخت نفرت کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب ایسی صورتحال میں نعمان اعجاز کا مصنف سے متعلق ایک پرانا پیغام وائرل ہو گیا تھا جس میں انہوں نے خلیل الرحمٰن قمر کو ’ذہنی مریض‘ اور اپنی دریافت قرار دیا تھا۔