یہ اسمارٹ میز درجنوں گیمز کو اپنے اندر چھپائے ہوئے ہے


بورڈ گیمز دنیا بھر میں بہت مقبول ہیں، مگر اس کی تیاری کے لیے وقت بہت زیادہ درکار ہوتا ہے جبکہ کسی چیز کے گم ہونے پر نیا سیٹ خریدنا پڑتا ہے۔

مگر تصور کریں متعدد بورڈ گیمز آپ اپنی میز پر کھیل سکیں، جس کے لیے کسی قسم کے کارڈز یا دیگر اشیا کی ضرورت نہ ہو؟

جی ہاں واقعی اس مقصد کے لیے انفٹنی گیم ٹیبل کو متعارف کرایا گیا ہے۔

لاس ویگاس میں سی ای ایس نمائش کے دوران اس منفرد میز کو پیش کیا گیا تھا، جس کی کمرشل پروڈکشن کے لیے ابھی کک اسٹارٹر پر مہم چل رہی ہے۔

آرکیڈ 1 اپ نے اس اسمارٹ میز کو تیار کیا ہے، جس میں درجنوں کلاسیک گیمز جیسے مونوپلی اور دیگر کو ایک ٹچ اسکرین میز کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

یہ میز دیکھنے میں ایک بہت بڑے ٹیبلیٹ کی طرح ہے، جس میں ٹانگیں بھی لگی ہیں۔

فوٹو بشکریہ آرکیڈ 1
فوٹو بشکریہ آرکیڈ 1

اس میز پر موجود اسکرین فل ایچ ڈی 1080 پی ریزولوشن کے ساتھ ہے اور ٹچ اسکرین بیک وقت 10 ان پٹس کو شناخت کرسکتی ہے۔

ایک وقت میں 6 افراد اس میز پر کھیل سکتے ہیں۔

کمپنی نے گیمز کے لیے لائسنس حاصل کیے ہیں اور صارف اس میز پر مونوپلی، بیٹلل شپ، اسکریبل، دی گیم آف لائف، کلیو اور دیگر کھیل سکتے ہیں۔

شطرنگ اور تاش کے بھی متعدد کھیل بھی اس میز پر کھیلے جاسکتے ہیں جن کو مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

گیمز کے ساتھ ساتھ اس میں جگسا پزلز، سیکڑوں کلر بکس اور کامک بک سبسکرائپشن سروسز تک رسائی بھی فراہم کرسکے گی۔

جیسا ابھی بتایا گیا کہ یہ فی الحال کک اسٹارٹر پر پے، ہاں 499 سے 699 ڈالرز میں اسے خریدا جاسکتا ہے۔

اگر وہاں فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کامیاب ہوئی تو کمپنی اسے مارچ یا اپریل میں صارفین تک پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں