یوکرین کے شہر لویف میں روسی فضائی حملے میں 3 بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نیٹو کے رکن پولینڈ کی سرحد کے قریب یوکرین کے مغربی شہر لویف پر روس نے رات گئے ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن میں یہ 7 افراد مارے گئے۔
لویف کے میئر اینڈری ساڈووی کا کہنا ہے کہ روشی حملوں سے اسکولوں، گھروں اور کلینک سمیت 70 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روسی حملے کے دوران یوکرین فضائیہ نے چار Kh-101 کروز میزائل، تین اسکندر-K کروز میزائل اور 22 ڈرونز مار گرائے۔
یوکرینی فضائیہ نے 42 فضائی اہداف کو نشانہ بنایا جس میں 29 ڈرونز اور 13 میزائل شامل ہیں۔
گزشتہ روز روس نے یوکرین کے شہر پولٹاوا میں فوجی ادارے پر 2 بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے جن میں 51 افراد ہلاک اور 235 زخمی ہو گئے تھے۔