سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا کہ دنیاکی سب سے بڑی بس ساز کمپنی ’یوٹونگ‘ نے کراچی میں انٹراسٹی اور ای وی بسز کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے یوٹونگ مشرق وسطیٰ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اور دیگر حکام کی کراچی میں ملاقات ہوئی۔
شرجیل میمن کی جولائی 2022 میں دی گئی دعوت پر یوٹونگ کی جانب سے کراچی میں پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یوٹونگ کی جانب سےکراچی میں پلانٹ لگانے کا کام 3 ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا، پلانٹ کا کام اگلے سال مکمل ہو جائےگا، اب یوٹونگ کی انٹراسٹی اور الیکٹرک بسز کراچی میں بنیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پلانٹ میں ای وی بسز اور ہائبرڈ ڈیزل بسز تیار کی جائیں گی، پلانٹ لگنے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بسزکی تیاری سے پاکستان کے زرمبادلہ بھی بچیں گے، بسوں کی ایکسپورٹ سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔