یومِ آزادی پر شوبز شخصیات کا بھی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی


73 ویں جشن آزادی کے موقع پر شوبز شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر وطن عزیز کے لیے نیک خواہشات اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔

یوم آزادی پر ستاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیو پیغام شیئر کیے گئے جس میں سب نے اپنے اپنے انداز میں وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔

جشن آزادی منانے کے لیے شوبز شخصیات نے سبز اور سفید رنگ کے خصوصی ملبوسات زیب تن کیے ہیں جب کہ کچھ حسیناؤں نے تو چاند ستارے والی جیولری کا بھی انتخاب کیا ہے۔

جشن آزادی مناتے ہوئے اداکارہ عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ ہم قسمت والے ہیں کہ آج آزاد ملک میں اپنی مرضی سے جیتے ہیں لیکن اس وقت ہمارے کشمیری بہن بھائی بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، دنیا سے گزارش کرتی ہوں کہ سب مل کر ان کی حق تلفی کا نوٹس لیں اور ان کی آواز بنیں”۔

سپراسٹار ماہرہ خان نے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم شیئر کیا اور پاکستان کی ہمیشہ سلامتی کے لیے دعا کی۔

گلوکار علی ظفر نے قومی ترانہ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پوری قومی کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی۔

اداکار ہمایوں سعید نے اپنی ایک ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے دعا کی کہ اللہ ہمارے خوبصورت پاکستان کی حفاظت کرے، یہ ہمارا گھر اور ہمارا فخر ہے، اسے کوئی نہیں لیکن ہم سب تنظیم، اتحاد اور ایمان کے ساتھ ترقی کی جانب بڑھا سکتے ہیں۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی ٹوئٹر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے اپنی پروفائل تصویر تبدیل کی اور پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

اداکار بلال اشرف نے انسٹاگرام پر قومی پرچم کی خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔


اپنا تبصرہ لکھیں