اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی برائے خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی فیڈریکا موغیرینی نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں موجودہ علاقائی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل سے آگاہ کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے مثبت کردار سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے۔
اعلامیے میں گہا گیا ہے کہ یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی فیڈریکا موغیرینی نے پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال سنبھالنے پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے گڈ گورنس، انسداد بدعنوانی اور تخفیف غربت کیلئے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا سے آگاہ کیا جس پر یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی نے انہیں اصلاحاتی ایجنڈے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم نے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یورپی یونین اور رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت دار ہے۔
وزیر اعظم نے جی ایس پی پلس کے بعد دو طرفہ تجارت میں اضافے کا خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی یورپی یونین کی نمائندہ خصوصی برائے خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی فیڈریکا موغیرینی نے ملاقات کی ہے۔