صنعا: سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے باغیوں کے زیرِ قبضہ دارالحکومت میں فضائی حملے کیے اس سے دو روز قبل حوثی باغیوں نے ناکام ڈرون اور میزائل حملے کر کے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنایا تھا۔
مقامی افراد کے مطابق صدارتی محل، ایک فوجی اسکول اور صنعا ایئرپورٹ کے قریب ایک ایئر بس کو نشانہ بنایا گیا اور شہر بھر میں بہت زوردار دھماکا سنا گیا۔
حوثی باغیوں کے نشریاتی ادارے المسیرہ نیوز نے کہا کہ فوجی اسکول پر کیے گئے فضائی حملے سے 70 گھوڑے ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کے حوثی تحریک کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے جس کے بعد سے صنعا شہر میں بمباری انتہائی کم ہوگئی تھی۔
قبل ازیں جمعرات کو ہی دونوں متحارب فریقین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اقوامِ متحدہ کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبے کا خیر مقدم کیا تھا۔
تاہم گزشتہ ماہ سعودی اتحاد کی جانب سے متعدد گاؤں اور قصبوں میں فضائی حملوں کے بعد الجوف اور مارب صوبوں میں دوباہ شدید لڑائی شروع ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ سعودی فوجی اتحاد کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے مارچ 2015 سے لڑائی جاری ہے۔
فوجی اتحاد کے حکام نے ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ انہوں نے باغیوں کے زیر قبضہ فوجی اہداف کا تباہ کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا ہے تاہم انہوں نے مزید وضاحت نہیں کی۔
حکام کا کہنا تھا کہ باغیوں کے زیر اثر صنعا میں 12 سے زائد فضائی حملے کیےگئے جس میں دارالحکومت کے شمال میں ایک فوجی اکیڈمی پر 6 حملے اور صنعا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندر ایک فوجی ایئر بیس پر 4 حملے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شمال مشرقی صوبے ارمان میں بھی فضائی حملے رپورٹ ہوئے۔
اس سے قبل سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے ہفتے کے روز دارالحکومت ریاض پر رات گئے فائر کیے گئے میزائل روک کر انہیں تباہ کردیا تھا۔
دوسری جانب فوجی حکام اور قبائلی رہنماؤں نے بتایا کہ یمن کی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان الجوف اور مارب میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں گزشتہ 2 روز کے دوران دونوں اطراف سے 45 سے زائد جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے صوبہ مارچ مارب میں صرواح کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن حکومتی فورسز سے سعودی اتحاد کے فضائی حملوں کے تعاون سے حوثی باغیوں کے حملے کو پسپا کردیا۔
ادھر یمن کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھس نے مارب میں لڑائی میں شدت آنے اور باغیوں کے سعدی عرب پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔