ہیرا پھیری 3 سے متعلق اداکار سنیل شیٹی کا اہم بیان سامنے آ گیا

ہیرا پھیری 3 سے متعلق اداکار سنیل شیٹی کا اہم بیان سامنے آ گیا


بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار سنیل شیٹی کا ہیرا پھیری 3 سے متعلق اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔

گزشتہ دنوں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ اداکار اکشے کمار نے ہیرا پھیری فرنچائز سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور ان کی جگہ کارتک آریان کو “راجو” کے رول کیلئے فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہیرا پھیری 3 کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اکشے کمار سے فلم کے بارے میں ملاقات کی تھی لیکن کامیابی نہیں ہوئی، اکشے نے ہیرا پھیری 3 میں اداکاری کے لیے 90 کروڑ روپے کی فیس کا مطالبہ کیا تھا۔

جس کے بعد فیروز کے پاس کارتک آریان کو سائن کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا، فیروز کو لگتا ہے کہ کارتک راجو کے کردار کے لیے بہترین اداکار ہیں۔

اس کے بعد اکشے کمار نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ اسکرپٹ سے مطمئن نہ ہونے کے باعث ہیرا پھیری 3 میں کام نہیں کر رہے۔

اب اس حوالے سے سنیل شیٹی کا بیان سامنے آیا ہے۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار سنیل شیٹی نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں کہ کارتک آریان نے اکشے کمار کی جگہ لی ہے، تو جان لیں کہ یہ درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کارتک آریان سے راجو (اکشے کمار کے کردار کا نام) کی بجائے بالکل مختلف کردار کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔

سنیل نے بتایا کہ وہ اس بات سے واقف ہی نہیں تھے کہ اکشے کمار ہیرا پھیری 3 میں کام نہیں کر رہے، اس انکشاف نے انہیں دنگ کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکشے کمار کے بغیر ہیرا پھیری 3 بالکل مختلف فلم ہوگی اور وہ اس حوالے سے اکشے کمار سے خود بات کر کے انہیں واپس لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی وہ ایک ویب سیریز کی تشہیر میں مصروف ہیں اور 19 نومبر کے بعد اکشے کمار اور دیگر سے بات کر کے دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں