نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کس قدر مضبوط حریف ہے۔
آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ایک بہترین ٹیم ہے، پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک شاندار موقع ہوتا ہے۔
کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک اور شاندار مقابلہ ہوگا، گزشتہ برس ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز پاکستان نے جیتی تھی جس میں پاکستان ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے یہ سیریز ایک اچھا موقع ثابت ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اتوار، تیسرا 17، چوتھا 19 اور آخری میچ 21 جنوری کو شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء میں کھیلا گیا تھا جس میں فخر زمان کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان نے میچ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت جیت لیا تھا۔