گیٹز فارما نے فیکٹری کو ملازمین کے لیے ٹیسٹنگ کی سہولت میں تبدیل کردیا


کراچی: گیٹز فارما نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فیکٹری اور ہیڈ آفس بند رہیں گے کیونکہ ان دونوں کو اپنے ملازمین کے لیے اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی سہولت میں تبدیل کیا جائے گا۔

کمپنی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینئر منیجرز اور ڈائریکٹرز سمیت 56 ملازمین کو ایف ڈی اے سے منظور شدہ ٹیسٹنگ کٹس کو استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔

یہ توقع کی جارہی ہے کہ 100 فیصد ٹیسٹنگ کی پہلی لہر آج سے پانچ دن میں مکمل ہوجائے گی اور گیٹز فارما کے ہیڈ آفس اور فیکٹری کے احاطے کے تمام ایک ہزار 300 ملازمین کی جانچ ہوچکی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ میڈیکل ٹیم کی جانب سے بنائے گئے معیاری کام کے طریقہ کار پر مبنی ایک جاری سرگرمی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کا نتیجہ جن افراد کا منفی آئے گا انہیں اس سہولت میں داخل ہونے اور ڈبلیو ایچ او اور پی آئی سی / ایس کی منظور شدہ فیکٹری اور ہیڈ آفس میں کام کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم وائرس کی تصدیق ہونے والوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر گھر بھیج دیا جائے گا۔

گیٹز فارما وائرس کے کیسز سے رابطے میں رہنے والوں کا سراغ لگائے گا اور ان کی ٹیسٹنگ کرے گا اور ان ملازمین کو 30 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور وہ ٹھیک ہونے کے بعد ہی کام پر واپس آئیں گے۔

دوسرے مرحلے میں تمام اسٹاف کے اہل خانہ کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او خالد محمود نے کہا کہ ‘گیٹز فارما جنوبی کوریا کی مثال پر عمل پیرا ہے، جنوبی کوریا نے اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ کیا اور اب وہاں کیسز دنیا میں سب سے کم سامنے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اگر بطور نمونہ اس پر عمل کیا جائے تو ٹیسٹنگ کے لیے ہماری حکومت پر دباؤ کم ہوجائے گا اور ہمارے ملازمین ان کے اہل خانہ اور معاشرے کی حفاظت ہوگی‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں