برسلز:
کسی جگہ کا محلِ وقوع جاننے کے لیے یورپ کا تیارکردہ گیلیلیو سیٹلائٹ نیوی گیشن سسٹم اب کسی بھی مدد کے ایس او ایس سگنل کا جواب دے سکتا ہے۔
اب اس میں تبدیلیاں پیدا کی گئی ہیں جس کے تحت نہ صرف یہ آفت یا حادثے کے بعد لوگوں نے سگنل وصول کرسکتا ہے بلکہ سگنل والے مقام کی شناخت کرکے دوبارہ سگنل بھیجنے والے کو تسلی کا پیغام بھیج سکتا ہے تاکہ وہ پرامید رہے۔
گیلیلیو سیٹلائٹ سسٹم کی اس نئی خاصیت کا اضافہ 21 جنوری کو برسلز میں ہونے والی یورپی سائنس کانفرنس میں کیا گیا ہے۔ اگرچہ راہ دکھانے اور رہنمائی کرنے والے سیٹلائٹ 1960 کے عشرے سے خلا میں موجود ہیں۔ لیکن یورپ نے امریکی جی پی ایس اور روسی نیوی گیشن سسٹم پر انحصار کرنے کی بجائے خود اپنے 30 عدد سمت دکھانے والے سیٹلائٹ خلا میں روانہ کئے تھے جن میں سے 26 سیٹلائٹ اب بھی کام کررہے ہیں۔
گیلیلیو سسٹم 1979 میں تلاش اور مدد (سرچ اینڈ ریسکیو) کے تحت کینیڈا، فرانس، روس اور امریکا کے اہم نظام کوسپاس سارسٹ نظام کا بھی حصہ ہے۔ یورپی ماہرین کے مطابق صرف ایک اسمارٹ فون سے سیٹلائٹ کو کسی حادثے کی خبر ہوجاتی ہے۔ اس کی اطلاع ملنے پر اس جگہ مدد بھیجی جاتی ہے۔ اس طرح سالانہ دوہزار افراد کی جانیں بچائی جارہی ہیں۔
اب اس سیٹلائٹ نظام میں ’ریٹرن لنک‘ کا اضافہ کیا ہے۔ جیسے ہی کوئی ضرورت مند شخص مدد کے لیے اس پر سگنل بھیجتا ہے تو گیلیلیو سیٹلائٹ 2 منٹ سے 30 منٹ تک کے اندراس شخص کو دوبارہ سگنل بھیجتا ہے۔ اس طرح کسی آفت یا حادثے میں پھنسے شخص کو یہ تسلی ہوجاتی ہے کہ اس کے لیے مدد آرہی ہے۔
واضح رہے کہ پوری دنیا کے لیے یہ سروس مفت میں دستیاب ہے۔