اسلام آباد:
اوگرا نے گیس کی قیمت میں 14 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن کے صارفین کے لیے گیس 86.93 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جب کہ سوئی سدرن صارفین کے لیے گیس 54.47 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن صارفین کے لیے گیس کی قیمت اب 686.77 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن صارفین کی گیس 779.88 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر ہوگئی ہے تاہم قیمتوں کا حتمی تعین حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔
اوگرا نے کہا ہے کہ سوئی گیس کمپنیوں کی درخواستوں کے برعکس قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، سوئی ناردرن کی قیمت میں 154 فیصد اضافے کی سفارش کی گئی تھی تاہم 14 فیصد منظور ہوئی اسی طرح سوئی سدرن کی گیس 8 فیصد مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم 7 فیصد اضافہ ہوا۔