نیوجرسی:
میکو دنیا کا کامیاب ترین روبوٹک بازو ہے جو اب تک گھٹنے کی لاکھوں سرجری میں مدد کرچکا ہے اور حیرت انگیز طور پر یہ انسانوں کی طرح غلطی بھی نہیں کرتا۔
دنیا بھر کے 600 ہسپتالوں میں میکو کامیابی سے استعمال ہورہا ہے جسے اسٹرائیکر کمپنی نے برسوں کی محنت سے بنایا ہے۔ اس کا بصری نظام گھٹنے کی تھری ڈی شکل دکھاتا ہے اور آپریشن کی جگہ کا بغور معائنہ کرکے سرجری کے عمل کو آسان بناتا ہے۔
جدت اور حساسیت کی بنا پر یہ روبوٹ غلطی نہیں کرتا اور اب تک تین لاکھ سے زائد آپریشن انجام دے چکا ہے۔ روبوٹک بازو میں ہر طرح کی سرجری کے اوزار سما سکتے ہیں۔ میکو گھٹنے کے علاوہ کولہے کی ہڈی کے پیچیدہ آپریشن بھی انجام دے سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ گھٹنہ (یا اس کی گولہ نما ہڈی) بدلنی ہو تب بھی یہ جزوی آپریشن میں مدد دیتا ہے۔
اگرچہ میکو کی ٹیکنالوجی دس برس قبل منظرِ عام پر آئی تھی لیکن اسے مسلسل بہتر بنایا گیا اور اب یہ سائنس فکشن سے نکل کر حقیقت بن چکی ہے اور لاکھوں مریضوں کو علاج کی صورت میں سکون فراہم کرچکی ہے۔ روبوٹ کا بصری نظام سرجن کو گھٹنے کی مفصل ویڈیو اور تصاویر دیتا ہے جس کی بنا پر درست جگہ آپریشن کرنے میں سرجن کو مدد ملتی ہے۔
کسی بھی گڑبڑ کی صورت میں روبوٹ بازو فوری طور پر رک جاتا ہے کیونکہ غلط آپریشن مریض کو ہمیشہ کے لیے معذور بھی کرسکتا ہے۔ اگر سرجن اسے کسی ایک حصے پر کام کرنے کا حکم دیتا ہے تو یہ اسی جگہ محدود رہتا ہے اور بصورتِ دیگر کام کرنا بند کردیتا ہے۔
اپنی کئی خوبیوں کی بنا پر یہ روبوٹ دنیا بھر میں ہڈیوں کے سرجن کی اولین ترجیح بن چکا ہے تاہم اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے خاص تربیت کی ضرورت ہوتی ہے جو کمپنی فراہم کرتی ہے۔