’گُلی بوائے‘ کا ‘اصلی ہپ ہاپ’ منظرعام پر

’گُلی بوائے‘ کا ‘اصلی ہپ ہاپ’ منظرعام پر


بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے گزشتہ سال کا اختتام فلم ’سمبا‘ کی کامیابی سے کیا اور اب نئے سال کے آغاز میں فلم ’گُلی بوائے‘ کے شاندار ٹریلر سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’گلُی بوائے‘ کا منفرد ہپ ہاپ ٹریلر آج پیش کیا گیا، جو ’اصلی ہپ ہاپ‘ گانے پر مبنی ہے۔

1 منٹ 29 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل فلم کے اس ٹریلر میں اسٹریٹ ریپرز کی زندگی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

اس فلم کی ہدایت کار زویا اختر ہیں، جنہوں نے یہ فلم اسٹریٹ ریپرز ویویان فرنینڈز عرف ڈیوائن اور نوید شیخ عرف نیزی پر بنائی ہے جن کا ایک گانا ’مِری گلی میں‘ انتہائی مقبول ہے۔

اس فلم میں اسٹریٹ ریپرز کی زندگی کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ ساتھ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ شہرت کے حصول کے لیے وہ کیا کیا کرتے ہیں۔

ٹریلر میں جہاں رنویر سنگھ اصلی ہپ ہاپ کرتے ہوئے چھائے ہوئے ہیں وہیں عالیہ بھٹ بھی کہیں کہیں لڑتے جھگڑتے دیکھی جا سکتی ہیں۔

فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر رنویر سنگھ کا کردار تو سمجھ میں آگیا، لیکن عالیہ کیسا کردار نبھا رہی ہیں، اس بارے میں کچھ واضح نہیں ہوسکا، تاہم عالیہ کے سر پر دوپٹہ لینے سے یوں معلوم ہوتا ہے جیسے وہ ایک مسلم لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

فلم میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کے علاوہ کلکی کوئچلن  بھی شامل ہیں، جو معاون کردار ادا کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’گلی بوائے‘ میں رنویر اور عالیہ کی جوڑی پہلی بار جلوہ گر ہوگی جو رواں برس 14 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں