انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے ’پکسل 7‘ اور ’پکسل 7 پرو‘ فونز سمیت ایئرفونز اور واچز متعارف کرادیے۔
کمپنی نے تمام ڈیوائسز کو متعارف کراتے ہوئے انہیں فوری طور پر امریکا، یورپ، ایشیا اور افریقہ کے متعدد ممالک میں آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیا، تاہم زیادہ تر ممالک میں انہیں ابھی آن لائن فروخت کے لیے بھی پیش نہیں کیا گیا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ’گوگل پکسل 7 اور 7 پرو‘ کو آئندہ ماہ تک متعدد ممالک میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
گوگل کے پکسل 7 فونز کو کمپنی کے اب تک کے بہترین، تیز رفتار، اپگریڈ ٹیکنالوجی اور مٹی سمیت پانی کا مقابلہ کرنے والے فونز قرار دیا جا رہا ہے۔
’پکسل 7 پرو‘
کمپنی نے اس بار اپنا سب سے بہترین فون ’گوگل پکسل 7 پرو‘ متعارف کرایا ہے، جسے 7۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50، دوسرا 48 جب کہ تیسرا 12 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے،علاوہ ازیں ان میں متعدد سینسرز بھی دیے گئے ہیں۔
فون کے فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس میں وائڈ اور میکرو سینسر ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں گوگل نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشنز اسنیپ چیٹ، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سے اشتراک کرکے ان کے لیے بنائی جانے والی ویڈیوز کے لیے کیمرا کی ٹیکنالوجی کو خصوصی فیچرز کے ساتھ پیش کیا ہے۔
فون کو 12 جی بی ریم اور 128 جی بی سے لے کر 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیاہے اوراس میں جی ٹو کی جدید ٹیکنالوجی کی حامل چپ دی گئی ہے۔
فون کو 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کی بیٹری 72 گھنٹے تک چلنے کے قابل ہے۔
فون میں فنگرپرنٹ سینسر اور چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے اور اس فون کی ابتدائی قیمت 900 امریکی ڈالر تک رکھی گئی ہے۔
’گوگل پکسل 7‘
کمپنی نے اس فون کو 3۔6 انچ اسکرین اور دو بیک کیمروں کے ساتھ پیش کیا ہے۔
اس فون کے بیک پر مین کیمرا 50 جب کہ دوسرا 12 میگا پکسل کا دیا گیا ہے، اس کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے۔
اس فون کو 8 جی بی ریم اور 128 سے لے کر 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس کی بیٹری 4300 ایم اے ایچ ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیٹری کالز کرنے اور ویڈیوز چلانے کے باوجود 24 گھنٹے تک چلنے کے قابل ہے۔
اس فون میں بھی فنگرپرنٹ سمیت چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے اور کمپنی نے اس فون کی قیمت 600 امریکی ڈالر تک رکھی ہے۔
گوگل پکسل 6 اے
کمپنی نے پکسل 7 کے فونز کے ساتھ قدرے کم قیمت کا چھوٹا پکسل 6 فون بھی متعارف کرایا ہے، جسے 6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کو 6 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس کے بیک پر بھی دو کیمرے ایک 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 12 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
اس منی فون کی بیٹری 4400 ایم اے ایچ تک رکھی گئی اور اس کی قیمت 500 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔
کمپنی نے تینوں فونز کے علاوہ گوگل واچ اور ایئرفونز بھی متعارف کرائے ہیں اور ان میں بھی جدید فیچرز اور ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا ہے۔