گوگل نے موبائل پر کروم کے نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرادیے

گوگل نے موبائل پر کروم کے نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرادیے


انٹرنیٹ کی سب سے بڑی سرچ انجن گوگل نے اپنے براؤزر کروم پر سیکیورٹی فیچرز کو بہتر بناتے ہوئے موبائل صارفین کے لیے نئے ٹولز پیش کردیے۔

گوگل کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ موبائل پر گوگل کروم کے انکگیٹو موڈ کی سیکیورٹی کو بہتر بنادیا گیا۔

اب صارفین جب بھی اپنے موبائل پر انکگیٹو موڈ کو استعمال کرتے وقت فون بند کردیں گے تو دوبارہ انکگیٹو موڈ کو استعمال کرنے کے لیے انہیں اپنی شناخت کروانی پڑے گی۔

مذکورہ فیچر کے تحت اب صارفین کو موبائل پر فنگر پرنٹ کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کروانی پڑے گی۔

تاہم جن موبائل میں فنگر پرنٹ سینسر نہیں ہوگا، وہاں کوڈ کی مدد سے انکگیٹو موڈ کی سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

گوگل نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ عام طور پر موبائل پر جب صارفین سیکیورٹی کے تحت انکگیٹو موڈ پر کوئی مواد تلاش کرتے ہیں اور بعد ازاں ان کا موبائل کسی دوسرے شخص کے پاس ہوتا ہے تو وہ مذکورہ پیج پر جاکر صارف کی ہسٹری دیکھنے کے قابل ہوجاتا ہے۔

عام طور پر انکگیٹو موڈ موبائل یا گوگل کروم بند کرنے کے بعد خود بخود بند ہوجاتا ہے اور موبائل کو دوبارہ کھولنے پر انکگیٹو موڈ نہیں کھلتا، تاہم اس باوجود بعض صارفین کو اپنی پرائیویسی لیک ہونے کے خدشات رہتے ہیں۔

گوگل کا انکگیٹو موڈ ایسا خفیہ براؤزر ہے جو انٹرنیٹ سرچ ہسٹری کو محفوظ نہیں کرتا اور نہ ہی گوگل مذکورہ براؤزر پر دیکھے جانے والے مواد سے متعلق کوئی ڈیٹا اپنے پاس رکھتا ہے۔

تاہم مذکورہ براؤزر پر دیکھے جانے والے مواد سے متعلق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو رسائی ضرور ہوتی ہے، وہ صارف کی تمام ہسٹری تک رسائی رکھنے کے اہل ہوتی ہے۔

گوگل نے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ موبائل پر انکگیٹو موڈ پر دوبارہ رسائی حاصل کرنے کا فیچر آئی او ایس صارفین پہلے ہی استعمال کر رہے تھے اور اب اینڈرائیڈ صارفین کو بھی اس تک رسائی دے دی گئی، تاہم بعض صارفین کو مذکورہ فیچر پر فوری رسائی نہیں ہوگی۔

ساتھ ہی کمپنی نے بتایا کہ مذکورہ فیچر استعمال کرنے کے لیے موبائل صارفین کو پہلے اپنی کروم سیٹنگ میں جاکر پرائیویسی ایںڈ سیکیورٹی کے سیکشن میں انکگیٹو موڈ کو آن کرنا پڑے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں