گوگل میپس کے چند بہترین فیچرز جن سے ہوسکتا ہے کہ آپ لاعلم ہوں

گوگل میپس کے چند بہترین فیچرز جن سے ہوسکتا ہے کہ آپ لاعلم ہوں


ٹریفک سے بچنا ہو یا کس جگہ جانے کے لیے راستہ تلاش کرنا ہو، اور اگر منزل پر پہنچ کر پارکنگ نہ نہ ملے تو بھی ذہن چڑچڑے پن کا شکار ہوجاتا ہے۔

خوش قسمتی سے گوگل میپس ایپ ان تمام مسائل کا حل ہے جو صارفین کو متعدد سہولیات فراہم کرتی ہے۔

مگر اس میں چند ایسے فیچرز بھی موجود ہیں جو بہت کم افراد کو معلوم ہوتے ہیں، یعنی ہوسکتا ہے کہ آپ گوگل میپس سے واقف ہوں، پتے جیسے ورک اور ہوم محفوظ کرچکے ہوں، تو ایک کلک سے آپ ان مقامات کی سمت جان لیتے ہیں جہاں اکثر جانا ہوتا ہے۔

ایسے ہی چند فیچرز کے بارے میں جانیں جو گوگل میپس میں موجود تو ہیں مگر بیشتر افراد ان سے واقف نہیں۔

گوگل میپس آف لائن استعمال کریں

اگر آپ کو گوگل میپس تک رسائی کی ضرورت ہے مگر کسی ایسی جگہ پر ہوں یا جانے والے ہوں جہاں انٹرنیٹ کنکشن دستیاب نہ ہو یا معیار ناقص ہو، تو آف لائن استعمال کے لیے گوگل میپس کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

گوگل میپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایپ اوپن کریں اور پروفائل آئیکون پر کلک کریں، وہاں ایک مینیو سامنے آئے گا جہاں آف لائن میپس کا آپشن موجود ہوگا۔

اس پر کلک کرنے پر آپ اپنی پسند کے علاقے کا میپنگ ایریا ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

ایک بار جب ایسا کرلیں گے تو اسے جب مرضی استعمال کرسکتے ہیں، چاہے انٹرنیٹ کنکشن نہ بھی دستیاب ہو اور ہاں آپ متعدد مقامات کے نقشے اس طرح ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

ایک انگلی سے زوم کرنا سیکھیں

یہ وہ فیچر ہے جس کا متعدد افراد کو علم ہی نہیں، جس کے ذریعے صرف ایک انگلی سے گوگل میپ ایریا میں زوم ان اور آؤٹ کرنا ممکن ہے۔

اس کے لیے ڈسپلے پر ڈبل ٹیپ کرکے زوم ان ہوں اور اس دوران اپنی انگلی اسکرین پر رکھیں۔

اس کے بعد انگلی کو حرکت دے کر زوم ان کیا جاسکتا ہے۔

2 لوکیشنز کے درمیان فاصلہ جاننا

اگر آپ 2 لوکیشنز کے درمیان کا فاصلہ فوری طور پر جاننا چاہتے ہیں تو ایپ اوپن کریں اور کسی ایک لوکیشن کو پن کریں۔

اس کے بعد آپ کے سامنے Measure distance کے لیبل سے سیٹنگ آئے گی، اس پر کلک کرنے پر آپ اسکرین پر کرسر کے ذریعے دوسری لوکیشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ایسا کرنے پر دونوں مقامات کے درمیان فاصلہ خودکار طور پر سامنے آجائے گا۔

ریسٹورنٹس کی بہتر ریکومینڈیشنز

اگر آپ کھانے کے لیے کسی مقام کو تلاش کررہے ہیں تو لاتعداد ریسٹورنٹس میں اس کو تلاش کرنا بہت مشکل ہوسکتا ہے۔

مگر گوگل میپس اس حوالے سے بھی مددگار ہے اور اس مقصد کے لیے ایپ اوپن کرکے پروفائل آئیکون پر کلک کریں۔

اس کے بعد سیٹنگز کے آپشن میں جائیں اور منیج یور پریفرینس پر کلک کریں، جو کچھ نیچے ہوگا، وہاں ڈائٹری آپشن پر موجود فلٹرز پر کلک کرکے اپنی پسند کی غذا کو سلیکٹ کریں اور بس۔

جب آپ اپنی پسند کی غذا کا انتخاب کرلیں گے تو گوگل اس کے مطابق ریسٹورنٹس تجویز کرے گا۔

وقت کی یاددہانی

کسی جگہ مخصوص وقت پر جانا چاہتے ہیں تو گوگل میپس یاد دہانی دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ایک بار گوگل میپس پر منزل کو ٹائپ کرنے کے بعد اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ پر کلک کریں جہاں ایک آپشن ‘سیٹ اے ریمائنڈر ٹو لیو’ پر ایسا کرسکتے ہیں۔

انکوگنیٹو موڈ کو آزمائیں

اگر آپ چاہتے ہیں کہ گوگل میپس یہ یاد نہ رکھے کہ آپ کہاں ہیں تو انکوگنیٹو موڈ کو استعمال کریں۔

اس کو استعمال کرنے کے لیے ایپ میں اپنی پروفائل تصویر پر کلک کریں اور وہاں انکوگنیٹو موڈ کا انتخاب کریں۔

اسی طرح آپ انکوگنیٹو موڈ کو ٹرن آف بھی کرسکتے ہیں۔

ٹائم ٹریول

گوگل میپس کے ڈیسک ٹاپ صارفین زیادہ تر اسٹریٹ ویو امیجری ڈیٹا کا استعمال کرتے ہیں اور اس میں ہی ٹائم ٹریول بھی کرسکتے ہیں۔

یعنی کسی مخصوص لوکیشن کو مختلف ادوار میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس کو استعمال کرنے کے لیے ننھے زرد فگر کو کھینچ کر نیچے دائیں کونے پر لے جاکر اسٹریٹ ویو میں انٹر ہوجائیں اور اوپر بائیں کونے ایک بلیک باکس ڈراپ ڈاؤن مینیو کے ساتھ ہوگا۔

اس پر کلک کرے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ماضی میں کوئی مقام کیسا تھا۔

ہاتھوں کے بغیر استعمال کریں

گوگل میپس کو گوگل اسسٹنٹ کے ذریعے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بس ‘ہے گوگل کمانڈ’ کے ذریعے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں میپس پر لگ بھگ سب کچھ ہاتھوں کے بغیر کیا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں