گوگل میپس کے ٹکر کی مقامی ’ٹی پی ایل میپس‘ ایپ متعارف

گوگل میپس کے ٹکر کی مقامی ’ٹی پی ایل میپس‘ ایپ متعارف


دنیا کی سب سے بڑی لوکیشن ایپلی کیشن گوگل میپس کو ٹکر دینے کے لیے پاکستانی کمپنی ٹی پی ایل نے ’ٹی پی ایل میپس‘ نامی ایپلی کیشن کو آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرادیا۔

’ٹی پی ایل میپس‘ ملک میں تیار کی جانے والی پہلی مقامی میپ ایپلی کیشن ہے جو کہ کاروباری اداروں سمیت عام صارفین کو بھی لوکیشن سمیت زمین کی دیگر معلومات بروقت اور درست بتاتی ہے۔

’ٹی پی ایل میپس‘ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ایپلی کیشن صارفین کو ’جیوگرافک انفارمیشن سسٹم‘ (جی آئی ایس) کی صورت میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

یعنی یہ ایپلی کیشن صارفین کو گرافکس اور دیگر چیزوں کی مدد سے لوکیشن کو سمجھنے اور درست لوکیشن پر پہنچنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

ساتھ ہی اس ایپلی کیشن کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ صارفین کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے شارٹ کٹ راستے بھی بتاتی ہے اور ایپ کی بتائی گئی ڈائریکشن تقریبا درست ہوتی ہے۔

ایپلی کیشن کو یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو آزمائی بنیادوں پر متعارف کرایا گیا ہے اور اسے صارفین گوگل سمیت ایپل اسٹور سے بھی مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ٹی پی ایل میپس‘ کو فوری طور پر ملک کے 350 شہروں میں آزمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔

ایپلی کیشن میں ابتدائی طور پر 30 لاکھ سے زیادہ گھروں، 30 لاکھ سے زیادہ کاروبار مراکز اور 8 لاکھ کلو میٹرز تک پھیلے راستے کی درست معلومات اور لوکیشن شامل کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق میپ ایپلی کیشن کو بہتر بنانے کے لیے 100 ملازمین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور تمام ملازمین مقامی ہیں۔

کمپنی کے مطابق میپ ایپلی کو اپڈیٹ رکھنے اور اسے لوکیشن کو درست بتانے کے لیے 20 ڈیٹا سائنٹسٹ ہر وقت خدمت کے لیے دستیاب ہوتے ہیں۔

مذکورہ ایپلی کیشن کو متعدد فوڈ اور لاجسٹک ڈیلیوری کمپنیاں بھی استعمال کر رہی ہیں جب کہ عام صارفین بھی اسے استعمال کرکے کم وقت میں اپنی مطلوبہ لوکیشن تک پہنچ سکتے ہیں۔

ایپلی کیشن کے حوالے سے ٹی پی ایل میپس کے بانی سرور خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس ایپلی کیشن کو متعارف کراتے ہوئے بہت پرجوش ہیں، جو کہ پاکستان کے نقشہ سازی کے منظر نامے میں گیم چینجر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی انجینئرز اور ڈیٹا سائنسدانوں کی ہماری ٹیم نے ایک جامع نقشہ سازی کا حل تیار کرنے کے لیے انتھک محنت کی جو انفرادی صارفین اور کارپوریٹ اداروں دونوں کو پر مبنی ہے۔

سرور خان نے کہا کہ ٹی پی ایل میپس کے ذریعے ہمارا مقصد پورے پاکستان میں کاروباروں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ لوکیشن کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور کاروباری ترقی کے لیے اس کی صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ لوکیشن کی ٹیکنالوجی پر اپنی مضبوط گرفت کے ساتھ ہم یہاں اپنے کلائنٹس کی رہنمائی کرنے کے لیے موجود ہیں کہ وہ کس طرح کاروباری کارکردگی کو آگے بڑھانے، لاگت میں بچت کے مواقع کی نشاندہی کرنے، اور اپنی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے لوکیشن کے ڈیٹا اور ذہانت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں