گوگل میپس میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی تبدیلی


گوگل کی مقبول ترین میپس میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی تبدیلی کی جارہی ہے اور وہ ہے فیس بک جیسا نیوزفیڈ۔

جی ہاں گوگل میپس میں نیوز فیڈ کو متعارف کرایا جارہا ہے جسے کمپنی نے اپنا نیا فیچر قرار دیتے ہوئے کمیونٹی فیڈ کا نام دیا ہے۔

اس فیڈ میں مقامی علاقے کی پوسٹس دیکھی جاسکیں گی جبکہ دیگر مواد بھی ہوگا۔

صارف پوسٹس کو تھمپ اپ آئیکون پر کلک کرکے لائیک بھی کرسکے گا۔

یہ نیوز فیڈد گوگل میپس کے ایکسپلور ٹیب میں موجود ہوگی جس کا مقصد قابل اعتبار مقامی ذرائع سے تازہ ترین خبروں، اپ ڈیٹس اور تجاویز کو آسانی سے تلاش کرنے میں مدد دینا ہوگا۔

نیوز فیڈ میں کاروباری ادارے گوگل مائی بزنس کو استعمال کرکے نئی ڈیلز اور دیگر آفرز سے آگاہ کرسکیں گے۔

گوگل کے مطابق آغاز میں زیادہ توجہ فوڈ بزنس کی پوسٹس کو ہائی لائٹس کرنے پر دی جائے گی۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

یہ پوسٹس ان افراد کو بھی نظر آئیں گی جو اس مخصوص ادارے کو فالو نہیں کررہے ہوں گے۔

اس کے علاوہ کمیونٹی فیڈ میں ایسے اکاؤنٹس کا مواد بھی نظر آئے گا جن کو صارف فالو کررہے ہوں گے یا گوگل لوکل گائیڈز پر تازہ ریویوز دیکھ سکیں گے۔

میپس کی نئی نیوزفیڈ کافی حد تک انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ سے ملتی جلتی ہوگی اور یکم دسمبر سے اسے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

گوگل کے مطابق اس فیچر کو دیگر علاقوں کی سیر یا رسائی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

یہ نیوزفیڈ گوگل کی جانب سے میپس کو فیس بک کے مقابل لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران گوگل میپس میں بزنسز کو فالو کرنے کے ساتھ ان کو میسج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گی ہے جبکہ کاروباری اداروں کو گوگل میپس میں اپنی پروفائل تیار کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں