اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے ہم گورننس کے معاملات پر حکو مت اور اپوزیشن کا اتفاق چاہتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان 2.1 ارب روپے کے طبی آلات درآمد کرتا ہے، پرائیویٹ سیکٹر طبی آلات بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی زیدی عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ پر آج پریس کانفرنس میں ردِ عمل دیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں جس پر بھی الزام لگا اس سے جواب لیا گیا، اپوزیشن اور حکومت ہر وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگی رہتی ہے، حکومت اور اپوزیشن کو کم سے کم ایجنڈے پر آنا ہوگا، چاہتے ہیں کہ گورننس کے معاملات پر حکو مت اپوزیشن کا اتفاق ہوجائے۔
میڈیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے معاملات بڑی آسانی سے حل ہوسکتے ہیں، میڈیا کو بہت باصلاحیت ٹیم دیکھ رہی ہے، شبلی فراز اور عاصم باجوہ کے ہوتے ہوئے میڈیا معاملات حل کی طرف جائیں گے۔