گلا کاٹنے کا ایکشن؛ حارث رؤف کی عاقب جاوید نے بھی سرزنش کردی


لاہور: 

وکٹ اڑانے پر گلا کاٹنے کا ایکشن بنانے والے حارث رؤف کی عاقب جاوید نے بھی سرزنش کردی۔

بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کیخلاف حارث رؤف نے ہر وکٹ لینے کے بعد گلا کاٹنے کا ایکشن بنایا تو سوشل میڈیا پر تنقید کا بازار گرم ہوگیا، اس میں بھارتی صارفین پیش پیش تھے۔ لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم سے حارث رؤف کو دریافت کرنے کے بعد صلاحیتیں نکھارنے والے عاقب جاوید نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پیسر کو فون کرکے سرزنش کردی۔

سابق ٹیسٹ پیسر نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ حارث نے معذرت کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا وعدہ کرلیا،میں نے انھیں سمجھایا کہ قلندرز کو ایسا  رویہ زیب نہیں دیتا۔

دوسری جانب بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئندہ سیزن کیلیے بھی حارث رؤف سے میلبورن اسٹارز کے معاہدے کا امکان ہے، ابتدائی طور پر ان سے جاری ایونٹ کے تین میچز کا کنٹریکٹ ہوا تھا جسے اب فائنل تک توسیع دے دی گئی ہے۔

حارث رؤف کو ڈیل اسٹین کی کمر میں تکلیف کے باعث میچز کھیلنے کا موقع ملا، انھوں نے ایک میں 2اور دوسرے میں 5وکٹیں اڑائیں، پروٹیز پیسر کی واپسی پر انھیں باہر بٹھا دیاگیا، سندیپ لامی چینے کے فٹ ہونے پر سڈنی تھنڈرز کیخلاف میچ میں حصہ لیا تو حارث نے 3شکار کرتے ہوئے دھوم مچا دی، اب نیپالی اسپنر فٹ ہوگئے اور ہفتے کو میچ کیلیے دستیاب ہیں۔

ان کیلیے حارث رؤف کو جگہ خالی کرنا پڑے گی،اگرچہ ڈیل اسٹین کا بھی فرنچائز کیلیے یہ آخری میچ ہے لیکن خلا پُر کرنے کیلیے انگلش پیسر پیٹ براؤن کے ساتھ پہلے ہی معاہدہ ہوچکا،البتہ حارث رؤف کی ایک بار پھر واپسی کا امکان روشن ہے،پیٹ براؤن کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کیلیے انگلش اسکواڈ میں شامل کیا گیا تو میلبورن اسٹارز کو پاکستانی پیسر کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت پیش آجائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں