گرین نمبرپلیٹ والی گاڑیوں سے شہری اغوا ہورہے ہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق کیس میں ریمارکس دیے کہ گرین نمبرپلیٹ والی گاڑیوں سے شہری اغوا ہورہے ہیں وفاقی حکومت شہریوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری عبدالقدوس کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کی جس میں عدالت نے شہری کی عدم بازیابی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور سیکرٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے طلبی کے احکامات جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس بھی جاری کردیا۔

جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت شہریوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، اٹارنی جنرل کو بتادیں آنکھیں بندکرنے سے معاملات حل نہیں ہوں گے، گرین نمبرپلیٹ والی گاڑیوں سے شہری اغوا ہورہے ہیں، اسلام آباد پولیس ناکام ہوچکی ہے توکیا تفتیش کرنے کیلئے سندھ پولیس کولکھیں؟

معزز جج نےکہا کہ کبھی کسی پولیس والے نے کسی ایجنسی والےکے خلاف لکھا نا ہی ملزم بنایا۔

دورانِ سماعت جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی انویسٹی گیشن ملک نعیم نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ کراچی کمپنی میں عبدالقدوس کے اغوا کی ایف آئی آر یکم جنوری 2020 کو درج ہوئی تھی، 50 لاپتا افراد کی جے آئی ٹی کی سربراہی میں کررہا ہوں۔

جسٹس محسن اختر نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر جواب نا دے سکے تو پھر وزیراعظم کو بلائیں گے۔

عدالت نے  وزیرداخلہ اور  سیکرٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 16 ستمبرتک ملتوی کردی۔


اپنا تبصرہ لکھیں