برٹش کولمبیا:
ناسا کی جانب سے سیاروں کی تلاش کے لیے بنائی گئی کیپلر خلائی دوربین کی مدد سے ایک طالبہ نے 17 کے قریب سیارے دریافت کئے ہیں جو ایک غیرمعمولی کاوش ہے۔
یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا میں پی ایچ ڈی کی طالبہ مشیل کیونیموتو نے نظامِ شمسی سے پرے 17 ایسے سیارے دریافت کئے ہیں جن میں سے کچھ عین زمینی جسامت کے حامل ہیں اور ’قابلِ رہائش‘ یا زندگی کے لیے موزوں مقام پر موجود ہیں۔ خیال ہے کہ وہاں پانی بھی موجود ہوسکتا ہے۔
مشیل نے بتایا کہ اب تک صرف 15 سیارے ہی قابلِ رہائشمقامات پر ملے ہیں اور زمین سے ہزار نوری سال کے فاصلے پر ایک نیا سیارہ دریافت ہونا ایک بہت اچھی خبر ہے۔ مشیل نے سیاروں کے تلاش کے لیے عام استعمال ہونے والے ایک طریقے عبور یا ٹرانزٹ کو استعمال کیا ہے جس میں سیارے کو اس کے اپنے سورج کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یعنی جب جب کوئی سیارہ اپنے سورج کے سامنے سے گزرتا ہے تو اس کی تھوڑی سی روشنی روک لیتا ہے۔ اس روشنی کی کمی بیشی سے سیارے کی جسامت اور مدار معلوم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مشیل نے جو سیارہ دریافت کیا ہے وہ ہمارے زمین کی جسامت کے ڈیڑھ گنا کے برابر ہے اور اس کا مدار سیارہ عطارد (مرکری) سے کچھ بڑا ہے۔