کینسر جیسی بیماری سے بچنا بہت آسان


اگر آپ کینسر جیسے جان لیوا مرض کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو صبح ورزش کرنا عادت بنالیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

طبی جریدے انٹرنیشنل جرنل آف کینسر میں شائع حقیق میں عندیہ دیا گیا کہ جو لوگ علی الصبح ورزش کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں دوپہر یا شام میں ورزش کرنے والوں کے مقابلے میں کینسر کا شکار ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ جسمانی سرگرمیاں جیسے تیز چہل قدمی بھی مختلف اقسام کے کینسر کا خطرہ کم کرتی ہے۔

یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ حالیہ برسوں کے دوران لوگوں میں کینسر کی شرح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور اس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔

مثال کے طور پر امریکا میں 2020 کے آخر تک ایک تخمینے کے مطابق 18 لاکھ افراد میں کینسر کی تشخیص ہوسکتی ہے جبکہ 6 لاکھ سے زائد ہلاک ہوجائیں گے۔

تو طرز زندگی میں معمولی تبدیلی بھی کینسر کے لاتعداد کیسز کو روکنے کے لیے کافی ثابت ہوسکتی ہے۔

انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر نے ایسے شواہد کو پیشش کیا ہے جس کے مطابق رات کے وقت کام کرنے والے افراد کی جسمانی گھڑی متاثر ہوتی ہے جس سے کینسز کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں مجموعی طور پر 2795 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 1285 کینسر کے شکار تھے جبکہ باقی صحتمند تھے۔

یہ سب افراد اسپینش ملٹی کیس کنٹرول استڈی کا حصہ تھے جس کا مقصد اسپین میں عام کینسر کے عناصر کو سمجھنا اور ان کی روک تھام کرنا تھا۔

2008 سے 2013 کے دوران محققین نے ان افراد کی ورزش اور گھر کی جسمانی سرگرمیوں کے بارے مین تفصیلات حاصل کیں اور 3 سال بعد یہ تجزیہ کیا کہ وہ لوگ کس وقت ورزش کرتے ہیں۔

محققین نے خاص طور پر ایسی 781 خواتین اور 504 مردوں کا زیادہ باریک بینی سے جائزہ لیا جو بریسٹ اور مثانے کے کینسر کا شکار تھے اور ان کی جسمانی سرگرمیوں کے بارے میں سوالات کے جواب حاصل کیے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ صبح 8 سے 10 بجے کے دوران ورزش یا جسمانی سرگرمیاں بریسٹ اور مثانے کے کینسر کا خطرہ کم کرنے میں سب سے زیادہ مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق صبح ورزش کرنے والی خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ ان خواتین کے مقابلے 25 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جو کسی قسم کی ورزش نہیں کرتیں۔

اسی طرح کا نتیجہ مثانے کے کینسر کے خطرے میں بھی سامنے آیا اور محققین کے مطابق ورزش نہ کرنے والوں کے مقابلے میں صبح جسمانی طور پر سرگرم رہنے والوں میں اس بیماری کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں شام 7 سے 11 بجے کے دوران ورزش کرنے والوں میں مثانے کے کینسر کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

محققین نے عندیہ دیا کہ صبح ورزش کرنے والی خواتین میں بریسٹ کینسر کے خطرے میں کمی کا تعلق ایسٹروجن سے جڑا ہے۔

خواتین میں ایسٹروجن کی زیادہ سطح بریسٹ کینسر کا خطرہ بڑھاتی ہے اور ورزش سے ایسٹروجن کی سطح کو کم کیا جاسکتا ہے کیونکہ ایسٹروجن بننے کی کا عمل صبح 7 بجے سب سے زیادہ متحرک ہوتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں