کیا میری کوئی اوقات نہیں، ساری دنیا کے سامنے میرے کپڑے اتار دیئے گئے: حسان نیازی


پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے میں نامزد وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا کہنا ہے کیا میری اپنی کوئی اوقات نہیں ہے، ساری دنیا کے سامنے میرے کپڑے اتار دیئے گئے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے والے بیرسٹر حسان نیازی کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا میں پی آئی سی میں موجود تھا، چھپ کر نہیں گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے پُر امن احتجاج کی اجازت دی تھی اور میں اس پُر امن احتجاج کا حصہ بنا۔

ان کا کہنا تھا میرے ہاتھ میں ڈنڈا ہو تو مجھے دکھائیں، میں نے گاڑی جلائی ہو تو دکھائیں، میں نے توڑ پھوڑ کی ہے تو مجھے دکھایا جائے، پولیس کے پاس میرے خلاف کچھ بھی نہیں ہے، اگر مریضہ کے چہرے سے ماسک اتارنے کی فوٹیج ہے تو سامنے لائی جائے، اسپتال کے اندر توڑ پھوڑ کرنے والوں کی فوٹیج سامنے لائی جائے۔

بیرسٹر حسان نیازی نے کہا کہ کیا میری اپنی کوئی اوقات نہیں ہے؟ ساری دنیا کے سامنے میرے کپڑے اتار دیئے گئے، پولیس نے مجھے نامزد کرنے میں دو تین دن لگائے، مجھے بھگوڑا کہا جا رہا ہے، پوری دنیا کو میرے خلاف کر دیا گیا، میری تصویروں پر دائرے لگا لگا کر دکھایا گیا۔

انہوں نے اپنے خلاف ایف آئی آر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے لیکن کسی بھی گناہ میں شامل کرنے سے پہلے کچھ ثابت تو کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں