بالی ووڈ کے فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والی سابقہ اداکارہ اور موجودہ مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کی سالگرہ کے موقع پر ان کے شوہر اور سُپر اسٹار اداکار اکشے کمار نے دلچسپ ویڈیو جاری کرکے اصلی ’ہلک‘ سے ملوا دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بالی ووڈ کے اسٹار اداکار اکشے کمار نے ویڈیو شیئر کرکے اپنی اہلیہ کو دلچسپ انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دی۔
اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے ٹوئنکل کھنہ کی ایک تصویر اور ویڈیو ایڈیٹ کرکے شیئر کی ہے جس میں لکھا کہ میں کیا توقع کر رہا تھا کہ میں کس سے شادی کرنے والا ہوں اور درحقیقت میں نے کس سے شادی کی ہے۔
ویڈیو میں ٹوئنکل کھنہ کو ہالی ووڈ کے کردار ’ہلک‘ کے مجسمے کے سامنے کھڑے ہوکر یہ کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’یہ ہے پتلا، (اپنی جانب اشارہ کرکے) یہ ہے اصلی ہلک ‘۔
وائرل ویڈیو میں سابقہ اداکارہ ہلک کے انداز میں دھاڑ بھی مارتی نظر آئیں ہیں۔
اس ویڈیو پوسٹ کے ساتھ اکشے کمار نے کیپشن میں لکھا کہ ’زندہ باد میری ہلک، آپ کا شکریہ کہ آپ نے اپنے مزاح کے انداز سے زندگی کو دوبالا کردیا، خدا آپ کی زندگی کو مزید لمبا کرئے، سالگرہ مبارک ہو ٹینا‘۔
واضح رہے کہ ٹوئنکل کھنہ آج اپنی 50ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ حال ہی میں ان کی تصنیف ویلکم ٹو پیرا ڈائز کو بیسٹ سیلر قرار دیدیا گیا ہے۔