کیا آج رات سے ٹوئٹر ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا؟

کیا آج رات سے ٹوئٹر ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا؟


مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی جانب سے 18 نومبر کو ایک ٹوئٹ کیے جانے کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ ٹوئٹر کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

ایلون مسک نے 18 نومبر کو ایک تصویر ٹوئٹ کی جس میں کچھ لوگ ایک قبر پر موجود تھے اور قبر کے کتبے سمیت لوگوں کے چہروں پر ٹوئٹر کو لوگو لگایا گیا تھا۔

ایلون مسک نے مذکورہ تصویر کو شیئر کرتے ہوئے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی لیکن لوگوں نے ان کی ٹوئٹ پر طرح طرح کے تبصرے کرتے ہوئے انہیں درخواست کی کہ وہ ٹوئٹر کو بند نہ کریں، کیوں کہ اس کے علاوہ اب دنیا میں مزہ نہیں آئے گا۔

اگرچہ ایلون مسک نے واضح نہیں کیا کہ ان کی ٹوئٹ کا کیا مقصد تھا، تاہم لوگوں نے ان کی ٹوئٹ پر مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے ٹوئٹر کے بند ہونے کی چہ مگوئیاں کرتے ہوئے فالوورز کو خدا حافظ کہنا شروع کردیا۔

ایلون مسک کی ٹوئٹ پر مزاحیہ کمنٹس اور میمز شیئر کرنے والے افراد میں سابق وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری بھی تھے۔

فواد چوہدری نے ایلون مسک کو اپنی ٹوئٹ میں مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ لوگ ٹوئٹر کے بغیر اب دنیا کا تصور بھی نہیں کر سکتے، اس لیے اب ایسی چہ مگوئیاں بند کردیں۔

ان کے علاوہ دیگر پاکستانیوں نے بھی ایلون مسک کی ٹوئٹ پر مزاحیہ تبصرے کیے اور ایک صارف نے سوال کیا کہ ٹوئٹر کے بند کیے جانے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد کہیں احتجاج رکھا گیا ہے یا نہیں؟

اسی طرح بعض لوگوں نے میمز شیئر کیں کہ ٹوئٹر کے بند ہونے کے بعد حریف ایپلی کیشن انسٹاگرام کا موڈ ٹھیک نہیں۔

کچھ لوگوں نے میمز شیئر کیں کہ ٹوئٹر بند ہوجانے کے بعد ٹوئٹر کے ملازمین سرمایہ کاروں کو نئی ایپلی کیشن کا خیال پیش کریں گے۔

بعض افراد نے ٹوئٹر کے بند ہونے کی چہ مگوئیاں کرتے ہوئے ہولی وڈ فلم ٹائی ٹینک کے وہ مناظر شیئر کیے، جب جہاز ڈوب جاتا ہے اور لوگ پانی میں ڈوبنے لگتے ہیں۔

کچھ افراد نے ٹوئٹر بند ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد مزاحیہ ویڈیوز شیئر کیں، جن میں لوگ دفاتر کو توڑتے ہوئے دکھائی دیے۔

بعض صارفین نے افسردہ ویڈیوز کلپس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹوئٹر بند ہونے پر وہ اپنے اکلوتے تین فالوورز کو دکھی دل سے الواداع کہیں گے۔

کچھ افراد نے ٹوئٹس کیں کہ ایلون مسک کی ٹوئٹ کے بعد امکان ہے کہ آج رات سے ٹوئٹر ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں