سویرافلک
کھجور ایک ایسی منفرد غذا ہے،جس میں وہ تمام ضروری اجزاء پائے جاتے ہیں،جو ہمارے جسم میں توانائی کا ذخیرہ کرنے کے لیے ضروری ہیں ۔رمضان المبارک میں کھجور سے روزہ کھولنا اسی لیے دیگر غذاؤں کے مقابلے میں مفید قرار دیا گیا ہے کہ یہ دن بھر کی ضائع شدہ توانائی کو فوری طور پر بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کھجور ایک پھل ہے،جو زیادہ تر مصر اور خلیج فارس کے علاقے میں پایا جاتا ہے ۔
یہ انبیا اور صالحین کی پسندیدہ غذاؤں میں سے ایک ہے۔پکے ہوئے تازہ پھل کو کھجور،جب کہ خشک کو چھوا را کہتے ہیں۔
کھجور میں نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ)،فولاد،پوٹاشےئم،کیلسےئم،فاسفورس اور حیاتین ب اور ج(وٹامنزبی اور سی)وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں۔اس میں چکنائی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
کھجور دل کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔اس کے علاوہ پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے اسے نہار منھ کھانے سے فائدہ ہوتا ہے ۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے یہ مفید ہے ۔یہ فوری طور پر توانائی بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔لاغر اور کمزور افراد،خصوصاً بچے اور وہ خواتین جنھیں خون کی کمی اور تھکاوٹ کی شکایت لاحق رہتی ہو،اگر وہ روزانہ دودھ کے ساتھ کھجور کھائیں تو بہت افاقہ ہوتا ہے۔
کھجور پرانے قبض کی موٴثر گھریلو دوا ہے۔روزانہ کھجور کھانے سے بڑھتی عمر کے اثرات کوکافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے ۔اس کی گٹھلیوں کا منجن دانتوں اور مسوڑوں کو مضبوط بناتا ہے ،جب کہ اس کے خشک پتوں کو پیس کر لگدی(پیسٹ)بنا کر زخموں پر مرہم کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔
کھجور کی گٹھلیاں نکال کر اُس میں دودھ شامل کرکے گرائنڈر میں ڈال کر شیک تیار کیا جا سکتا ہے ۔یہ شیک بہت مزے دار ہوتا ہے ۔املی میں چند کھجوریں ملا کر کھٹی میٹھی چٹنی بھی بنائی جاتی ہے ۔اس کے علاوہ دلیے میں دودھ اور کھجوریں شامل کرکے پکایاجاتا ہے ۔یہ دلیا بھی بہت لذیذ اور صحت بخش ہوتا ہے۔اگر وقت کی کمی کی وجہ سے شیک ،چٹنی یادلیانہ بنایا جا سکتا ہوتو ہر کھانے کے بعد دو کھجوریں کھانا بھی صحت کے لیے ازحد مفیدہے