پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت بھی ان کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں نسلی تعصب پر مبنی جملہ کہنے کے بعد سے تنقید کی زد میں ہیں۔
گوکہ سرفراز کو جنوبی افریقا کے کھلاڑی فیلوک وائیو معاف کرچکے ہیں لیکن اب تک سوشل میڈیا پر ان کا عمل زیربحث ہے۔
اس تمام صورتحال میں سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت بھی شوہر کے دفاع میں میدان میں آئی ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں سرفراز اپنے بیٹے عبداللہ و دیگر بچوں کے ہمراہ نیلسن منڈیلا اسکوائر پر دوڑ لگا رہے ہیں۔
ان کی اہلیہ نے لکھا کہ یہ اصل سرفراز ہیں جو انتہائی سادہ لوح انسان ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈربن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست کو سامنے دیکھ کر آپے سے باہر ہوگئے تھے۔
سرفراز احمد جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی فیلوک وائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کیے تھے جس پر وہ ان سے ملاقات کرکے بھی معافی مانگ چکے ہیں۔
میچ ریفری نے مذکورہ واقعے کی رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی بھیج دی تھی تاہم آئی سی سی کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔