کویت سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، وزیر خارجہ

کویت سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، وزیر خارجہ


اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں وفد کے ہمراہ اپنے کویتی ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح سے ملاقات کی اور پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کی وزارتِ خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور دوبارہ وزیر خارجہ کے منصب پر تقرری پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے، ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوری میں کویت کے نائب وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے ان کے ساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزاراتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہشمند ہیں اور پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے، ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہیں گے اور پاکستان اور کویت کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے 15 مارچ کو ‘اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن’ کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کویتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے اور بھارت کے یہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں شہریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے کویت سمیت عالمی برادری سے مثبت کردار کا متقاضی ہے۔

وزیر خارجہ نے نیامے نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی حمایت پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آ رہا ہے جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے اور پاکستان، افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کے لیے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے کویت کی کوششوں کا حامی ہے۔

کویتی وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے اور اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ کویتی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی قیادت اور دیگر سیینئر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں