کوہستان: چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹنے سے تین افراد دریا میں ڈوب گئے

کوہستان: چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹنے سے تین افراد دریا میں ڈوب گئے


خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کی تحصیل سیو میں چیئر لفٹ دریائے سندھ میں گرنے کے باعث 3 افراد ڈوب گئے۔

اپر کوہستان پولیس کے مطابق حادثہ برسین کے مقام پر پیش آیا، ڈوبنے والوں کا تعلق داسو سے ہے جو چئیر لفٹ کے ذریعے دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے پر جا رہے تھے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان عبدالرحمٰن نے بتایا کہ چیئر لفٹ اس وقت دریا میں گری جب کہ کنارے پر اسے سہارا دینے والی فاؤنڈیشن ٹوٹ گئی، انہوں نے وضاحت کی کہ دریا میں پانی کے بہت زیادہ بہاؤ کی وجہ سے ہاتھ سے چلنے والی کیبل کار کی بنیادیں گزشتہ دو دنوں میں کمزور ہو گئی تھیں۔

داسو اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) خلیل الرحمٰن نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئر لفٹ گرنے کے بعد 3 افراد دریا میں ڈوب گئے۔

انہوں نے کہا کہ چیئر لفٹ کاما گاؤں کے رہائشیوں کے زیر استعمال تھی اور یہ داسو شہر سے منسلک تھی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد شیر، فدا الرحمٰن اور میر عالم کے نام سے ہوئی جو کائیگا کے رہائشی تھے، لاشوں کی تلاش جاری ہے، مقتولین کے لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ وہ کیبل کار کے ذریعے داسو سے گاؤں واپس آ رہے تھے۔

کوہستان انتظامیہ نے لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی ایک ٹیم شانگلہ سے طلب کی جب کہ دریائے سندھ میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں