کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں کون سے گلوکار سُر بکھیریں گے؟


شاعری، سُر اور خوبصورت آوازوں کا تال میل لیے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کا پہلا پرومو جاری کردیا گیا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کو معروف بینڈ وائٹل سائنز کے سابق رکن روحیل حیات پروڈیوس کررہے ہیں جو اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن پروڈیوس کرچکے ہیں۔

سیزن 12 کے پہلے پرومو میں موسیقی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اُن سب گلوکاروں کو متعارف کرایا گیا ہے جو اس سیزن میں پرفارم کرنے والے ہیں۔

ان گلوکاروں میں ابرار الحق، آئمہ بیگ، علی سیٹھی، عاطف اسلم، بنور بینڈ، برکت جمال فقیر، فرید ایاز، ابو محمد، حدیقہ کیانی، فریحہ پرویز، ہرسکھیاں، کاشف دین، نمرہ رفیق، قرۃ العین بلوچ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ راحت فتح علی خان، ریچل ویکاجی، ساحر علی بگا، صنم ماروی، شہاب حسین، شامالی، شجاع حیدر، عمیر جسوال، زیب بنگش اور زوئی ویکاجی بھی پرفارم کرتے دکھائی دیں گے۔

پرومو میں موسیقی کو بیان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ قدرت کی عطا ہے جس میں ہر طرح کا احساس پایا جاتا ہے اس کے ذریعے دلوں کی دوریاں ختم ہوجاتی ہیں۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی پہلی قسط 11 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتطار ہے۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن روحیل حیات کے پروڈیوس کرنے کے بعد 7 سے 10 سیزن معروف بینڈ اسٹرنگز نے پروڈیوس کیے تھے بعدازاں سیزن 11 زوہیب قاضی اور ‘نوری بینڈ’ کے علی حمزہ نے پروڈیوس کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں