کولیسٹرول کم کرنے والی دوا دل کا دورہ روکنے میں بھی مددگار، تحقیق

کولیسٹرول کم کرنے والی دوا دل کا دورہ روکنے میں بھی مددگار، تحقیق


امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانی والی ایک جامع تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صحت کے لیے مضر سمجھے جانے والے کولیسٹرول کو کم کرنے والی ایک دوا حیران کن طور پر نہ صرف دل کے دورے کے امکانات کو کم کردیتی ہے بلکہ وہ مسلز کو بہتر بنانے میں مددگار ہوتی ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں بیڈ کولیسٹرول یعنی ایل ڈی ایل کی سطح کو کم کرنے کے لیے (statins) سمیت دیگر فارمولوں کی ادویات دستیاب ہیں، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ ایسی ادویات کے منفی اثرات زیادہ ہوتے ہیں۔

کولیسٹرول کو کم کرنے اور ان کے منفی یا مثبت اثرات جانچنے کے لیے ماہرین نے(bempedoic acid) نامی دوا پر تحقیق کی، جس سے معلوم ہوا کہ یہ نہ صرف خراب کولیسٹرول کو کم کرتی ہے بلکہ یہ ہرٹ اٹیک کے امکانات بھی کم کردیتی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق (bempedoic acid) کے اثرات جانچنے کے لیے ماہرین نے 5 سال تک 14 ہزار افراد پر تحقیقات کی، جس کے نتائج حیران کن نکلے۔

ماہرین نے بتایا کہ (bempedoic acid) کے استعمال کے نتائج سے معلوم ہوا کہ مذکورہ دوائی جہاں عارضہ قلب، فالج اور جگر کے امراض کے لیے خطرناک سمجھے جانے والے خراب کولیسٹرول یعنی ایل ڈی ایل کو کم کرتی ہے بلکہ یہ دل کے دورے کے امکانات بھی کم ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق مذکورہ دوائی کے مسلز پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور وہ سخت ہونے کے بجائے مزید نرم ہوجاتے ہیں۔

ماہرین نے دعویٰ کیا کہ (bempedoic acid) کے کوئی زیادہ منفی اثرات نہیں پائے گئے جب کہ اس سے قبل کولسیٹرول کو کم کرنے والی دوسری دوائی (statins) کے زیادہ منفی اثرات تھے۔

خیال رہے کہ کولیسٹرول ایک چربیلا، نرم اور ملائم مادہ ہے جس کی متعین مقدار انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اس میں اضافہ خون کی نالیوں یا شریانوں کی دیواروں کے جم کر انہیں تنگ اور سخت کردیتی ہے۔

کولیسٹرول کی شرح میں اضافے کا بڑا سبب فاسٹ فوڈ اور غیر صحت بخش غذاﺅں کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے جو دوران خون میں اس کی شرح بڑھا دیتی ہے جوکہ بلڈپریشر، امراض قلب اور دیگر بیماریوں کا باعث بن جاتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں