کورونا کے دوران گھر پر پارٹی ؛ میزبان اور شرکاء پر ہزاروں ڈالر جرمانہ


 دبئی: 

متحدہ عرب امارات میں کورونا وبا کے دوران احتیاطی تدابیر کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے گھر پر پارٹی رکھنے والے میزبان پر 15 ہزار ڈالر جب کہ شرکاء پر فی کس 4 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے ایک گھر پر نجی پارٹی جاری تھی جس پر پولیس نے چھاپہ مارا اور میزبان سمیت شرکاء کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار شدگان کو جرمانے کی ادائیگی کے بعد رہائی نصیب ہوئی۔

کورونا احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے پر میزبان کو 50 ہزار اماراتی درہم یعنی 13 ہزار ڈالر جب کہ پارٹی میں شریک ہر شخص کو 15 ہزار اماراتی درہم یعنی چار ہزار ڈالر جرمانہ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔

دبئی کے محکمہ سیاحت اور پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارٹی کے شرکاء فلک شگاف موسیقی کی دھن پر رقص کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں یکم فروری سے تفریحی سرگرمیوں اور طعام گاہوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور ان کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں