وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی کسی جمہوری جدوجہد کا حصہ نہیں رہی۔
وزیراعظم عمران خان کورونا وبا کے دوران جلسوں کے انعقاد پر اپوزیشن پر برس پڑے اور ان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا کہ کورونا وائرس کے دوران ہمارا مقابلہ ایک ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو کبھی کسی جمہوری جدوجہد کا حصہ نہیں رہی، ناہی انہوں نے عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھا اور ناہی ان کی بہتری کے لیے کام کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ جلسے جلوس کر کے چاہتے ہیں کہ این آر او مل جائے جو کبھی بھی نہیں مل سکتا، جنہوں نے زندگی میں ایک دن بھی محنت نہیں کی، ان کا شاہانہ طرز زندگی ان کے اہلخانہ کی جانب سے لوٹی گئی عوام کی دولت پر منحصر ہے۔
وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں مزید کہا کہ لہٰذا جب ہم نے غریبوں کو محرومی اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا تو ان لیڈرز نے مخالفت کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا اور اب جب اس نئی لہر کے دوران ہمیں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ لوگوں کی زندگیوں کی پرواہ کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔