کورونا نے دنیا بھر میں بہت سے کاروبار ختم کر دیے ہیں، خصوصاً سیاحت اور آٹو موبائل انڈسٹری اس عالمگیر وبا سے بری طر ح متاثر ہوئی۔
حیرت انگیز طور پر دنیا میں مہنگی ترین کاریں بنانے والے ادارے نے وبا کے دوران گاڑیوں کی فروخت کا 117 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
رولز رائس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 2021 میں دنیا کے زیادہ تر خطوں میں رولز رائس کاروں کی فروخت میں تقریبا 50 فیصد تک اضافہ ہوا۔
وبا کے دوران امریکا، ایشیا پیسیفک اور چین سمیت دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک میں 5 ہزار 586 کاریں فروخت کی گئی۔
رولز رائس موٹر کارزکے چیف ایگزیکٹو ٹورسٹین ملر اوٹوس کا اس بارے میں کہنا ہے کہ طلب میں اضافے کی اہم وجہ نیا ماڈل ’ گھوسٹ‘ اور ساڑھے تین لاکھ یورو مالیت کی SUV ( اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل) کیولینین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2021 ہمارے لیے نہایت غیر معمولی سال ثابت ہو اور گلوبل مارکیٹ میں ہماری کاروں کی فروخت نے 117 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
رولز رائس رواں سال اپنی پہلی الیکٹرک کار Spectre لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
بیسویں صدی کے آغاز میں قائم ہونے والے برطانوی برانڈ رولز رائس کو 1998 میں جرمنی کے آٹو جائنٹ BMW نے خرید لیا تھا۔
موٹر کار مینو فیکچرر اور ٹریڈر سوسائٹی کے مطابق برطانیہ میں قائم غیر ملکی کار ساز اداروں نے 2021 میں سالانہ ساڑھے 16 لاکھ گاڑیاں تیار کیں۔
یہ گزشتہ سال کی نسبت ایک فیصد زائد ہے لیکن کورونا سے پہلے 2019 کے اعداد و شمار سے 29 فیصد کم ہے۔